
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھارتی اسپنر رویندرا جدیجا پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے اورساتھ ہی منفی پوائنٹ بھی دیدیا ہے۔
عالمی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ناگپور میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی اسپنر رویندرا جدیجا نے ایمپائر کی اجازت کے بغیر ہی اپنی انگلی پر "درد کش" کریم لگائی۔
انگلی پر کریم لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو میں رویندرا جدیجا کو ساتھی کھلاڑی محمد سراج سے کوئی چیز لے کر اپنے ہاتھو ں میں ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، بعد میں گیند کروانے سے قبل جدیجا کو وہی چیز اپنی شہادت کی انگلی پر لگاتے دیکھا گیا، ویڈیو میں یہ کہیں نظر نہیں آیا کہ انہوں نے وہ چیز گیند پر ملی ہو۔
میچ کےپہلے دن کے اختتام پر میچ ریفری نے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما، ٹیم مینجر اور جدیجا کو مذکورہ ویڈیو دکھائی، انڈین ٹیم مینجمنٹ نے میچ ریفری کو بتایا کہ جدیجا نے انگلی پر درد کشا کریم لگائی ہے، میچ ریفری اس وضاحت سے مطمئن ہوگئے تاہم کھیل کی روح کےمنافی اقدام کرنے پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
میچ ریفری نے رویندرا جدیجا پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں ایک منفی پوائنٹ بھی دیدیا ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ravinjdra-ja5445.jpg