
پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ میں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف سے "صادق وامین" کے الفاظ نکالنے کی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کر دیا گیا۔
آئینی ترمیمی بل 2022 ایوان میں پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان کی جانب سے پیش کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ صادق وامین کی جگہ راست گو اور وفا شعار کے الفاظ لکھے جائیں۔
ترمیمی بل کے مطابق ارکان قومی اسمبلی کی اہلیت جانچنے کے لیے صادق وامین کا لفظ نہیں ہونا چاہیے، صادق وامین کا لفظ نبی کریم ﷺ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
حکومتی رکن نے کہا کہ کسی بھی ممبر کی نااہلی کا طریقہ کار تو آرٹیکل 63 میں دیا گیا ہے، آئین میں آرٹیکل 62 ون ایف جنرل ضیا الحق نے شامل کیا تھا۔ سینیٹ نے ترمیمی بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔
قبل ازیں ٹرانس جینڈر ایکٹ میں ترمیم کے لیے دو بلز اور اس ایکٹ کی جگہ خنثہ حقوق بل لانے کے لیے بھی بل سینیٹ میں پیش کیا گیا جبکہ ایوان میں پی ایم ڈی سی بل بھی منظور کیا گیا جس پر پی ٹی آئی نے احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔