حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)میں شامل جماعتوں کے رہنما اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرنا شروع ہوگئےہیں۔
تفصیلات کےمطابق حکومتی اتحاد کا حصہ جماعتوں مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلزپارٹی اور قومی وطن پارٹی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے اپنی جماعتوں کو چھوڑتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وہاڑی سے ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی نسیم مہدی شاہ،سابق وزیر شاہدمہدی، سلمان مہدی اور عمران ایوب سلدیرا تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔
یادرہے کہ اس حلقے سے الیکشن 2013 اور 2018 میں اسحاق خاکوانی تحریک انصاف کے امیدوار تھے لیکن وہ منحرف ہوکر جہانگیرترین گروپ کا حصہ بن گئے تھے۔
تحریک انصاف کو دوسری بڑی کامیابی رحیم یار خان سے ملی جہاں سے پیپلزپارٹی کے خواجہ قطب فرید کوریجہ تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ غلام فرید کوریجہ نےالیکشن 2018 میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر 89000 ووٹ حاصل کئے تھے اور وہ تحریک انصاف کے سید مبین سے چند ہزار ووٹوں سے ہارگئے تھے جو بعد میں منحرف ہوکر ن لیگ سے جاملے
علاوہ ازیں پی پی 257 رحیم یارخان سے 24000 ووٹ لینے والے چوہدری جہانزیب رشید بھی خواجہ قطب کیساتھ تحریک انصاف کا حصہ بن گئے۔
دوسری جانب قومی وطن پارٹی کے چارسدہ سےتعلق رکھنے والے بابرعلی خان مہمند نے عمران خان سے ملاقات کی ، ملاقات میں ان رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ضلع قصور سے پی پی 178 سے آزاد حیثیت سے لڑنیوالے ملک حمبل ثناء بھی تحریک انصاف کا حصہ بن گئے۔ ملک حمبل ثناء نے آزادحیثیت سے 28693 ووٹ حاصل کئے تھے۔