قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی و کرکٹ کمنٹیٹر ڈینی موریسن کو ان کی سالگرہ پر نیک خواہشات بھیجیں اور مذاق میں انہیں پاگل آدمی کہہ دیا۔
ڈینی موریسن آج اپنی 56ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اس موقع پر وقار یونس نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اُن کے لیے دلچسپ پیغام جاری کیا ہے۔ وقار یونس نے ڈینی موریسن کی ایک ایسی تصویر شیئر کی جس میں وہ بڑی عجیب شکل بنائے کھڑے ہیں۔
سابق کرکٹر نے اپنے ٹوئٹ میں ڈینی موریسن سے مخاطب ہوتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ اس پاگل آدمی کو سالگرہ مبارک ہو۔
اُنہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ یہ پارٹی کا وقت ہے۔
واضح رہے کہ ڈینی موریسن پی ایس ایل میں کمنٹری کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں اور اپنی عجیب وغریب حرکات کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
ڈیرن سیمی کو جب پاکستان کی اعزازی شہریت دی گئی تو ڈینی موریسن نے بھی پاکستان کا اعزازی شہری بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ڈینی موریسن پاکستانی کھانوں بالخصوص بریانی کے دلدادہ ہیں۔
پاکستان، نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کی منسوخی پر ڈینی موریسن نے اظہارافسوس کیا تھا اور اسے کرکٹ کیلئے بڑادھچکا قرار دیا تھا۔