ملتان میں واقع نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ایک ایونٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرایا گیا اور بیک گراؤنڈ پر وندے ماترم نغمہ بھی چلایا گیا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، مذکورہ ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید اظہار برہمی کیا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ ایونٹ چند ہفتے قبل یونیورسٹی میں منعقد کیا گیا جس میں میڈیکل تعلیمی ادارے کے طلبا نے خاکہ پیش کیا، معاملے پر مکمل چھان بین کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی، تحقیقات میں پتہ چلا کہ یونیورسٹی میں ٹیبلو پیش کیا گیا جس میں کرداروں نے بھارتی پرچم تھام رکھا ہے اور اسے لہرایا جا رہا ہے۔
اسی ٹیبلو کے دوران بیک گراؤنڈ میں بھارتی گانا وندے ماترم بھی چل رہا ہے۔بھارتی میڈیا نے اس ایشو کو خوب اٹھایااور پروپیگنڈا شروع کردیا۔
اس وائرل ویڈیو پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے صارفین نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر کے نیچے سرکاری تعلیمی ادارے میں بھارتی پرچم لہرانا اور وندے ماترم چلانا نہایت غلط ہے۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے حوالے جو وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اس سے متعلق وضاحت ضروری ہے کہ یہ ایونٹ تین ہفتے قبل منعقد کرایا گیا۔
ترجمان نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق ایونٹ کے دوران مختلف سرکاری و نجی میڈیکل اداروں کے طلبا و طالبات نے اپنے خاکے پیش کیے انہی میں شاہدہ اسلام میڈیکل کالج کی ٹیم کی جانب سے وائرل ویڈیو میں دکھایا خاکہ پیش کیا گیا۔