سب کہہ رہے ہیں مریم جا رہی ہیں، مجھے ایسا نہیں لگتا: شیخ رشید

Sohail Shuja

Chief Minister (5k+ posts)
اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سب کہہ رہے ہیں مریم بی بی بیرون ملک جا رہی ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا، کابینہ میں مریم کے لیے کوئی ووٹ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کابینہ کی صورت حال بتا رہا ہوں، مریم نواز کے لیے ووٹ نہیں ہے، وفاقی کابینہ میں نواز شریف کے لیے 16 ووٹ تھے، منگل تک مریم نواز جاتی نظر نہیں آ رہیں، مریم کیوں خاموش ہے، یہ ساری قوم جانتی ہے، ان کے لیے خاموشی ہی بہترین عبادت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ن لیگ بزدلوں کی جماعت ہے، کہاں گیا ان کا بیانیہ، بیمار نواز شریف ہے لیکن شہباز شریف بھی باہر گئے ہیں، ملک میں کوئی ہنگامہ نہ ہوا تو شریف خاندان کی وطن واپسی میں بہت تاخیر دیکھ رہا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہر سیاست دان کے پیچھے چہرے ہوتے ہیں، یہی چہرے انھیں چلاتے ہیں، عمران خان سب کو ایک ساتھ راضی نہیں رکھتا، کسی بھی اے ٹی ایم کو عمران خان سے خوش نہیں دیکھا، ہر اے ٹی ایم کی کوئی نہ کوئی سوئی پھنسی ہوئی ہے، جنوری میں بڑے بڑے کیسز سامنے آنے والے ہیں، ٹرکوں کے حساب سے پیسے بھی پاکستان آ رہے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا بلاول بھٹو اخلاق سے گرے ہوئے جملے کہہ رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان سے متعلق ایسے جملے مناسب نہیں، ایسا نہ ہو کہ مجھے فرنٹ فٹ پر آنا پڑے، تحریک انصاف کوووٹ ہی احتساب کے لیے ملا ہے، احتساب سے پیچھے ہٹنے کا مطلب خان کا سیاست میں پیچھے ہٹنا ہوگا، حمزہ اور خورشید شاہ کے کیسز بہت سنگین ہیں، سندھ میں مارچ میں بڑی تبدیلیاں دیکھ رہا ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہاٹ واٹر میں ہیں، کئی لوگوں کے مقدمات مکمل ہوتے دیکھ رہا ہوں۔

انھوں نے بتایا کہ وہ قمر زمان کائرہ کے لیے آصف زرداری کے پاس سفارش لے کر گئے تھے کہ انھیں وزیر اعظم بنا دیں، اِن ہاؤس تبدیلی کی باتیں کرنے والے خواب دیکھ رہے ہیں، حکومت کا 7 آرڈیننس ایک ساتھ بھیجنا ٹھیک نہیں تھا، چوہدری برادران ہمارے سگے بھائی ہیں وہ کہیں نہیں جا رہے، وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں، عمران خان کی سرپرستی میں حکومت 5 سال پورے کرے گی، عمران خان کےعلاوہ پی ٹی آئی میں کچھ نہیں ہے، کئی لوگ عمران خان کی وجہ سے رکن قومی اسمبلی بن گئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ خان صاحب کو سبزی منڈی کے بھاؤ میں ہی بتاتا ہوں، سندھ میں آٹا بحران کی میری بات وزیر اعظم کو پسند نہیں آئی، سندھ حکومت نے گندم نہیں خریدی، ملوں کو فراہم کرنا ہوگی، عثمان بزدار نے راولپنڈی میں لڑکیوں کے لیے یونی ورسٹی بنائی ہے، میں ذاتی طور پر عثمان بزدار اور فردوس عاشق سے خوش ہوں، بیوروکریسی نیب سے ڈری ہوئی ہے، چاہے پوری دنیا ناراض ہو جائے مشرف کو غدار اور کرپٹ نہیں سمجھتا۔
Source: Ary News