بابراعظم اور محمد رضوان کی جوڑی نمبرون جوڑی بن گئی

babar-azam-rizwan11.jpg


کپتان بابراعظم اور بلے باز محمد رضوان پر مشتمل اوپننگ جوڑی ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی بہترین جوڑی ثابت ہوئی ہے، دونوں نے رواں برس مختصر فارمیٹ کے زیادہ تر میچز میں مل کر ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی شاندار کارکردگی نے انہیں ٹی 20 کی جوڑی نمبر ون بنا دیا ہے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان نے ایک سال میں 4 مرتبہ ٹیم کو 150یا زائد رنز کا آغاز فراہم کیا۔ سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف 17.4 اوورز میں بابر اور رضوان کے درمیان 197 رنز کی اوپننگ شراکت بنی۔

حال ہی میں کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں پاکستانی اوپنرز نے158 رنز بنائے۔ اس سے قبل ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی تھی۔

دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں دونوں نے روایتی حریف بھارتی بولرز کو خوب بجایا جس سے ٹیم کو 10 وکٹ کی یادگار فتح نصیب ہوئی۔ قبل ازیں ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف بابراعظم اور محمد رضوان نے 150 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، الگ الگ کنڈیشنز میں شاندار اننگز دونوں اوپنرز کی نئی گیند کے ساتھ مختصر فارمیٹ میں مہارت کا ثبوت ہیں۔

یاد رہے کہ مجموعی طور پر دونوں نے2021 میں 25 اننگز کے دوران 57.50 کی اوسط سے 1380 رنز بنائے، اس دوران رن ریٹ 8.10 رہا، انھوں نے 6 مرتبہ سنچری پلس اور 3 بار ففٹی سے زائد کی شراکتیں قائم کیں جس کی مثال کسی دوسری ٹیم کے اوپنر بلے بازوں میں مشکل سے ملتی ہے۔