اگست میں ترسیلات زر2 ارب ڈالر سے زائد ریکارڈ، سٹیٹ بنک

state-bank-of-pakistan-afp.jpg



اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے مسلسل 15 ویں مہینے اگست 2021 میں بھی 2 ارب ڈالرز سے زائد کی ترسیلات زر پاکستان بھیجی ہیں۔

البتہ مرکزی بینک نے اپنے اعلامیے میں یہ بھی بتایا ہے کہ گزشتہ مہینے میں ملک میں آنے والی رقوم جولائی 2021 کے مقابلے 4.92 لاکھ ڈالرز کم تھیں۔

مرکزی بینک نے اپنے اعلامیے میں بتایا کہ اگست میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 35 کروڑ ڈالرزکی ترسیلات بھیجیں، جب کہ خلیجی ممالک سے 28 کروڑ ڈالرز کی ترسیلات ملک میں آئیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ ماہ امریکا سے 27 کروڑ ڈالر، یورپی ممالک سے 29 کروڑ ڈالرز کی رقوم پاکستان بھیجی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال کورونا کی وبا آنے کے بعد خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ عالمی سطح پر معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے پیش نظر پاکستان آنے والی ترسیلات زر کی شرح متاثر ہو سکتی ہے۔

ورلڈ بینک نے بھی پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں ترسیلات زر میں کمی کی پیش گوئی کی تھی کیوں کہ عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا بھر میں ممالک کو اپنی معیشت لاک ڈاؤن کرنے اور تارکین وطن ورکرز کو ان کے گھر واپس بھیجنے پر مجبور کردیا تھا۔
تاہم مایوس کن تخمینوں کے برعکس اب تک پاکستان میں ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہی دیکھنے میں آیا ہے۔