امراللہ صالح کے بھائی کی طالبان کے ہاتھوں مارے جانے کی اطلاعات زیرگردش

am1112.jpg


افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کو مزاحمتی شمالی اتحاد مکمل طور پر مسترد کرچکی ہے، اور اب سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح کے بھائی کی ہلاکت کی خبریں گردش کررہی ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح کے بڑے بھائی روح اللہ عزیزی کو مار دیا ہے،امراللہ پنجشیر میں طالبان مخالف مزاحمتی اتحاد کے رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔

روح اللہ عزیزی کے بھانجے نے نے ہلاکت کی تصدیق کردی ہے،انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز طالبان نے انہیں قتل کیا،جبکہ طالبان کی جانب سے تدفین کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔

بھانجے نے الزام عائد کیا کہ طالبان کہہ رہے ہیں روح اللہ عزیزی کی لاش دفنانے کے بجائے گلنے سڑنے دیا جائے۔

طالبان کے الامارہ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا کہ امراللہ صالح کا بڑا بھائی روح اللہ پنجشیر میں لڑائی کے دوران مارا گیا،طالبان کے خلاف وادی پینجشیر میں مزاحمت کرنے والے امراللہ صالح اس وقت کہاں ہیں کوئی اطلاعات نہیں ہیں اور امراللہ صالح تنقید کی زد میں ہیں کہ اس نے اپنے بھائی کو مرنے کیلئے چھوڑدیا۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے پنج شیر سے بھاگنے کی تردید کردی تھی،طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا تھا کہ امراللہ صالح تاجکستان جاچکے ہیں۔


دوسری جانب پنجشیرکےقومی مزاحمتی محاذ کےرہنما علی میصم نظاری نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان پنجشیرکےعوام پرظلم کر رہے اورانھیں بھاگنے پرمجبورکر رہے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پرٹویٹ میں علاقہ مکینوں کی نقل مکانی کی ویڈیو شئیر کی اورلکھا کہ پنجشیرسے ہزاروں افراد کوان کے گھروں سےنکال دیا گیا ہے، گاڑیوں کے ان قافلوں میں وہ لوگ ہیں جو طالبان کے کہنے پرزبردستی صوبہ چھوڑ رہے ہیں،طالبان نسلی قتلِ عام کر رہے ہیں اور دنیا بے حسی سے دیکھ رہی ہے،انہوں نے عالمی برادری سے ان جنگی جرائم کو روکنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

اقوام متحدہ نے افغانستان میں پرامن احتجاج کرنےوالوں پرطالبان کی جانب سے سخت کارروائی کرنےکی مذمت کردی،اقوام متحدہ نےاپنی رپورٹ میں کہا کہ طالبان نے اپنے بنیادی حقوق کےلیےاحتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتارکیا اور انھیں مارا پیٹا گیا،ایسے واقعات کسی کے مفاد میں نہیں، نہ ہی استحکام کا باعث ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مظاہرین اوراحتجاجی مظاہروں کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے خلاف طاقت کا استعمال اور دیگر نامناسب اقدامات روکے جائیں۔