Noman Alam
Politcal Worker (100+ posts)
نعمان عالم ، خارکوف ، خارکوف ، یوکرین ، مورخہ دس اپریل سن دو ہزار تیرہ
مجھ میں اور قاتل میں کیا فرق ہے ؟ میں وطن سے دور بیٹھا ، زندگی کے جنجھٹ میں پھنسا اپنے لفظوں سے کچھ کرنے کی کوشش میں مصروف ہوں ، اسی اثنا میں وہ آتا ہے ، بندوق کی نالی سے پتا نہیں کس کو مارنا ہوتا ہے ، ایک چھوٹا سا بچہ اسکی گولی کی زد میں آ جاتا ہے ، میں نے اس بچے کے اطراف کے لوگوں کو اپنے الفاظ سمجھانے میں اسکو قتل کر دیا ، اور قاتل نے بلا امتیاز اسکی شہرگ میں گولی اتار دی ، کہو مجھ میں اور قاتل میں کیا فرق ہے ؟
تم میں اور قاتل میں کیا فرق ہے ؟ تم بن ٹھن کر کام پہ نکلتے ہو ، سارا دن زندگی کے اجیرن ہونے کا رونا روتے ہو ، چھوٹا سا بچہ تمہارا در کھٹکھٹاتا ہے ، روٹی مانگتا ہے تم اسکو دھتکار دیتے ہو ، وہ ابھی گلی کے نکڑ تک نہیں پہنچتا کہ گولی کا نشانہ بن جاتا ہے ، تم بھاگتے ہو، اپنے بچوں کو سنبھالتے ہو ، گلے سے لگاتے ہو ، تم نے اسکو روٹی نہ دے کر بھوکا مارنا تھا ، قاتل نے آؤ دیکھا نہ تاؤ ، مار دیا ، تو پھر کیا فرق ہے تم میں اور قاتل میں ؟
مولوی میں اور قاتل میں کیا فرق ہے ؟ قاتل تمہیں گولی مار کے اپنی جنت پکی کر رہا ہے اور مولوی تمھاری جیب سے آخری پچاس روپے نکلوانے کے چکر میں ہے ، مسجد پکی ہو جاۓ تمھارے بچے چاہے بھوک سے مر جائیں ، تو پھر مولوی اور قاتل میں کیا فرق ہے ، وہ گولی سے تمہارے بچوں کو مارنے کو پھرتا ہے ، یہ دعاؤں سے تمہاری جیب خالی کروانے اور تمہارے بچوں کو سسکانے میں ،یعنی وہ گولی سے مارتا ہے ، یہ دعائیں دے کر مارتا ہے ، بتاؤ پھر مولوی اور قاتل میں کیا فرق ہے ؟
سیاستدان اور قاتل میں کیا فرق ہے ؟ قاتل بیدردی سے تمہیں قتل کر کے الله اکبر کا نعرہ بلند کرتا ہے ، یہ تمہاری بھوکی انٹریوں کو کچھ دینے کی بجاے تم سے الٹا ووٹ مانگتا ہے ، قاتل کی بات اگر تم نہیں مانتے وہ سیدھا تمہارا حلق کاٹ دے گا ، اور یہ ظالم ایوانوں میں بیٹھتے ہی بھول جاۓ گا کہ یہاں آیا کس لئے ہے ؟ یہ جرنیلوں اور ایوانوں کی باہمی کشمکش میں تمہاری سوکھی انتڑیوں کو اور تمہارے بھوکے بچوں کی نکلی ہوئی آنکھوں کو پانچ سال بعد دیکھے گا اور پھر ووٹ مانگے گا ، تو پھر بتاؤ نہ کیا فرق ہے سیاست دان میں اور قاتل میں ؟
جرنیل میں اور قاتل میں کیا فرق ہے ؟ جب میرا بچہ بھوک سے مر رہا ہوتا ہے تو یہ ٹی وی پر شاہین اور غوری میزائل کی خصوصیات بیان کرنے میں مصروف ہوتا ہے ، پھر میں اور میرا بچہ جب آدھ سیر کھانڈ لینے باہر نکلتے ہیں تو قاتل مجھے اور میرے معصوم اصغر کو مار دیتا ہے ، شاہین کا تو پتہ نہیں کہاں اور کس ہدف پر گرا ہو گا ، میری اور میرے اصغر کی لاش گلی میں ہی گرتی ہے ، یہ میزائل بنا بنا کر مجھے مار رہا ہے ، اور قاتل درہ آدم خیل میں دستی بنائی گئی بندوق سے ، میں شاہین کو ٹیکنالوجی کا شاہکار کہوں کہ اس بندوق کو ؟ مجھے سمجھ نہیں آتی ، تم ہی بتاؤ کیا فرق ہے جرنیل میں اور قاتل میں ؟
ہم سب میں اور قاتلوں میں کیا فرق ہے ؟ وہ کم و بیش اٹھارہ ہزار ہیں ، اور ہم اٹھارہ کروڑ ، لیکن فرق صرف ہندسوں کا نہیں ہے ، ایک اور بھی فرق ہے ، یہ جو اٹھارہ ہزار ہیں متحد ہیں ، ہم اٹھارہ کروڑ شیعہ ، سنی ، وہابی ، حنفی ، قادیانی ، عیسائی ، ہندو ہیں ، بس فرق صرف سوچ کا ہی نہیں اتحاد کا بھی ہے ،یہ جو آج گلے کٹ رہے ہیں ، پاؤں بکھرے پڑے ہیں ، لاشیں بوریوں میں بند ہیں ، سب اسی فرق کا نتیجہ ہیں ! ہاں بس یہی تو فرق ہے
- Featured Thumbs
- -a.akamaihd.net/hphotos-ak-prn1/155013_621108341237905_1850213632_n.jpg