
کیا اٹلی کا 14منزلہ کروز شپ عوامی تفریح کا ذریعہ بن سکے گا؟
اٹلی سے خریدے جانے والے چودہ منزلہ پرتعیش سفری سہولتوں سے آراستہ عظیم الشان مسافر بردار بحری جہاز کو عوامی تفریح کا ذریعہ بنانے کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں،کیونکہ پاکستان کی بندرگاہوں کی تاریخ میں لنگر انداز ہونے والے سب سے بڑا کروز شپ کو ٹکڑے ٹکڑے ہی کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے بحری امور محمود مولوی نے کہا کہ معاہدے کے مطابق کروز شپ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں اسکریپ میں بدلنے کے لیے لایا گیا ہے اور اسے فیری سروس کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
محمود مولوی نے بتایا کہ 1200 کمروں پر مشتمل اطالوی مسافر بردار جہاز اسکریپ کے لیے 2 ارب روپے میں خریدا گیا،معاہدے کے مطابق کروز شپ کو گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں صرف اسکریپ کے لیے لایا گیا ہے،اس کے کانٹریکٹ میں واضح الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ یہ صرف اسکریپ کے لیے استعمال ہوگا۔
انہوں نے میری ٹائم اور پورٹ حکام کی جانب سے جہاز کو داخلے کی اجازت نہ دینے کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کروز شپ چلانے کے لیے پالیسی موجود ہے جو بھی سرمایہ کار یا شپنگ کمپنی چاہے اس پالیسی کے تحت کراچی تا گوادر اور دبئی تک فیری سروس چلاسکتا ہے،حکومت نے اس پر دس سال کی ٹیکس چھوٹ بھی دی ہے، اس سلسلے میں پی این ایس سی کو باقاعدہ باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے 42نمبر گودی پر لنگر انداز ہونے والا شاندار کروزشپ 14 منزلوں پر مشتمل ہے جس میں آسائشوں اور سہولیات سے آراستہ 1411 کمرے ہیں۔ اس جہاز کو 1993 میں اٹلی کی ایک کمپنی نے بنایا تھا، نومبر 2011 میں اس جہاز کی تزئین و آرائش پر 90 ملین یورو خرچ کیے گئے تھے۔
اس کروز شپ میں 7 اسٹار ہوٹل، شاپنگ مالز، کیسینو، گیمنگ زون اور تین بڑے ہال رومز موجود ہیں۔کروز شپ آرٹ کے نادر نمونوں، منفرد فن پاروں اور آرائشی اشیاء کا بھی ذخیرہ ہے۔ جہاز میں جدید مشینوں پر مشتمل ہیلتھ جمنازیم دیکھنے کے قابل ہے۔ جہاز کے ڈائینگ ہالز سیون اسٹار ہوٹلوں کی طرح آراستہ ہیں جو آنے والے کچھ عرصہ میں ایشیاء کی سب سے بڑی کباڑی مارکیٹ شیرشاہ میں فروخت ہوتے نظر آئیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/biyaan-hk.jpg