
گزشتہ ماہ نومبر کے دوران سالانہ بنیاد پر برآمدات میں 18.34 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ ماہانہ بنیاد پر برآمدات میں 63 فیصد کمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اتحادی حکومت مسلسل کوششوں کے باوجود ملکی برآمدات میں اضافہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی جبکہ گزشتہ ماہ نومبر کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات نے ملکی برآمدات کے حوالے سے تجارتی اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ نومبر کے دوران سالانہ بنیاد پر برآمدات میں 18.34 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 63 فیصد کمی ہوئی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران برآمدات میں 3.48 فیصد کمی ہوئی تھی اور گزشتہ ماہ نومبر کے دوران برآمدات 2 ارب 36 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ جولائی سے نومبر کے دوران برآمدات کا حجم 11 ارب 93 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہا۔ گزشتہ برس کی اسی مدت کے دوران ملکی برآمدات 12 ارب 36 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہیں۔
دوسری طرف ملکی تجارتی خسارہ میں رواں مالی سال کے پہلے 5 مہینوں میں سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اور درآمدات میں 32.98 فیصد کمی ہوئی ہے۔ جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران تجارتی خسارے کا حجم 14.41 ارب ڈالر ریکارڈ ہوا تھا جو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 30 فیصد کم رہا تھا۔ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران تجارتی خسارے کا حجم 20.62 ارب ڈالر ریکارڈ ہوا تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 مہینوں میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر20 فیصدکی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ جولائی تا نومبر2022ء تک کے عرصے میں ملکی درآمدات کا حجم 26.34 ارب ڈالر رہا تھا جو پچھلے برس کی اسی مدت میں 32.98 ارب ڈالر رہا تھا جبکہ گزشتہ نومبر میں درآمدات پر 5.25 ارب ڈالر استعمال ہوئے تھے جو اکتوبر کے مقابلے 11 فیصد زیادہ جبکہ گزشتہ برس نومبر کے مقابلے میں 34 فیصد تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/exposhaiih.jpg