
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف کو نہ صرف کئی علاقوں میں اپ سیٹ شکست ہوئی بلکہ حریف جماعت جے یو آئی ف نے بری طرح پچھاڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کےاہم رہنماؤں کےحلقوں سے تحریک انصاف کو بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا، وزیرامور کشمیر علی امین گنڈاپور کے حلقہ پہاڑپور سے پارٹی کو شکست ہوئی جبکہ وزیرمملکت علی محمد خان کے حلقے مردان سے بھی پارٹی ہارگئی۔
گورنرشاہ فرمان کے علاقے بڈھ بیر سےبھی تحریک انصاف کو شکست سے دوچار ہونا پڑا، صوبائی وزیرجنگلات اشتیاق ارمڑ کے حلقے سے تحریک انصاف جیت نہ سکی جبکہ عمرایوب کے آبائی حلقے میں بھی پی ٹی آئی تبدیلی نہ لاسکی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسپیکرقومی اسمبلی اپنی تحصیلوں لاہور ٹوپی اور رزڑ سے پارٹی کو نہ جتواسکے تو شہریارآفریدی بھی اپنی یونین کونسل سے پی ٹی آئی کوشکست سےنہ بچاسکے ،شہریار آفریدی کے حلقے کوہاٹ سے جے یوآئی ف نے بڑی کامیابی حاصل کر کے پی ٹی آئی کو پچھاڑ دیا۔ وزیردفاع پرویز خٹک کے حلقے تحصیل پبی سے پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے جس کے نتائج کا سلسلہ تاحال جاری ہے، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اب تک55 حلقوں کے نتائج سامنے آگئے ہیں جن میں جمیعت علمائے اسلام ف سب سے زیادہ 19 تحصیلوں سے کامیاب ہونے والی پارٹی بن گئی ہے۔
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 14 تحصیلوں سے کامیاب ہوئی جبکہ8 آزاد اور عوامی نیشنل پارٹی کے بھی 7 امیدوار فتح یاب ہوچکے ہیں۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) صرف 3تحصیل کونسل کی نشستوں پر کامیاب ہوئی اور جماعت اسلامی 2 تحصیل کونسل کی نشستوں پرکامیاب ہوئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10ptirehmnashiskt.jpg