
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو ن لیگ کے ساتھ اتحاد کرنے سے نقصان ہوا، یہ محبت کا نہیں بلکہ مجبوری کا اتحاد ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پنجاب کے علاقے رحمان پورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سر اٹھا کر آیا تھا اور سر اٹھا کر ہی گورنر ہاؤس سے چلا جاؤں گا، میں لاہور میں ان لوگوں کے پاس جارہا ہوں جنہوں نے اپنی زندگیاں پارٹی کو دیں اور اب مایوس ہوکر گھر بیٹھے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ میرا عمل میرٹ پر کام کرنا ہے، کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، اس وقت ملک کسی بھی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیاسی طور پر ملک مضبوط نا ہوا تو کچھ بھی بہتر نہیں ہوگا، ہم جانتے ہیں کہ ہمیں نقصان ہوگا مگر ہم اس اتحاد کو آگے چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج ضرور ریکارڈ کروائیں مگر ملک کی عزت و وقار کیلئے سب کو اکھٹے ہونا چاہیے، 9 ملکوں کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں، اس وقت روڈ بند کرنے کی باتیں کرنے والوں کو کوئی بھی محب وطن نہیں کہہ سکتا، چین کے صدر ایسے وقت میں دورہ پاکستان کررہے ہیں جب کوئی یہاں آںے کو تیار نہیں ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی ہٹ دھرمی چھوڑ دیں یہ ملک اور پی ٹی آئی کیلئے بہتر ہوگا، اگر انہوں نے یہ منفی سیاست نا چھوڑی تو وہ تباہ ہوجائیں گے،انہیں چاہیے عقل استعمال کریں، خدا کیلئے سیاست کو کچھ وقت کیلئے چھوڑ کر غریب کو ریلیف دینے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sardh111i3.jpg