پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کے حکومت سےمذاکرات ناکام،5جولائی کو ہڑتال کااعلان

5petroliumdealahraddpaannjuly.png

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پاکستان کی طرف سے مذاکرات کی ناکامی پر 5 جولائی 2024ء سے ملک بھر کے پٹرول پمپس کو بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن پاکستان کے حکومت کے ساتھ بجٹ میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں موجود تمام پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن پاکستان نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم دیلرز ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد کی چیئرمین اوگرا، چیئرمین ایف بی آر اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقاتیں ہوئیں لیکن مذاکرات میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ مذاکرات میں ناکامی کے بعد ایسوسی ایشن کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ 5 جولائی کے دن صبح 6 بجے کے بعد سے ملک بھر میں موجود تمام پٹرول پمپس بند کر دیئے جائیں گے۔

صدر پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پاکستان عبدالسمیع خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہڑتال شروع ہونے پر اس کا دورانیہ 1 دن سے زیادہ بھی ہو سکتا ہے، کل تک کے لیے پٹرول پمپس پر مہیا کریں گے اور کل رات کے بعد ملک بھر کے پٹرول پمپس خشک ہونا شروع ہو جائیں گے۔

ملک بھر میں 14 ہزار ڈیلرز موجود ہیں جو 5 جولائی سے اپنے پٹرول پمپس کو بند کر دیں گے۔

عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے اس فیصلے کو واپس لیے جانے تک ہم کسی سے مذاکرات نہیں کریں گے، دوسری طرف آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے 5 جولائی کو کی جانے والے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔


چیئرمین آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن پاکستان شمس شاہوانی نے اس بارے کہا کہ پٹرول وڈیزل فراہمی ملک بھر میں جاری رکھیں گے، موجودہ صورت حال میں سپلائی بند کرنے بارے سوچ بھی نہیں سکتے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ صارفین کو پریشانی سے بچایا جائے اور پٹرول وڈیزل کی فراہمی جاری رکھی جائے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کی طرف سے آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)،آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان (او ایم اے پی) اور 15 کے قریب بڑی او ایم سیزکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے آؤٹ لیٹس کو بیک اپ سپلائی کے ساتھ تیار رکھیں اور ایسے پٹرول پمپس کی فہرست بھی دیں جو ہڑتال ہونے پر چلتے رہیں گے۔
 

Back
Top