
ایک اعلیٰ فرانسیسی انٹیلیجنس اہلکار نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے زیرِ استعمال ایک رافیل جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔ اگر یہ اطلاع درست ثابت ہوتی ہے تو یہ پہلا موقع ہوگا جب جدید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ کسی لڑائی میں تباہ ہوا ہو۔
https://twitter.com/x/status/1920142813498311108
پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بھارتی فضائی حملوں کے جواب میں بھارتی فضائیہ کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل طیارے شامل ہیں۔ بھارتی حکام کی جانب سے تاحال اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

فرانسیسی اہلکار کے مطابق پیرس میں حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے صرف ایک نہیں بلکہ ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید شواہد کی جانچ جاری ہے۔
ادھر، مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہونے والے ایک طیارے کے ملبے سے ملنے والے پرزوں کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں، جن پر فرانسیسی کمپنی کا لیبل نمایاں ہے۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ ان پرزوں کی بنیاد پر حتمی طور پر یہ کہنا ممکن نہیں کہ وہ رافیل طیارے سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔
دوسری جانب، رافیل طیارے تیار کرنے والی معروف فرانسیسی کمپنی ڈاسالٹ ایوی ایشن نے سی این این کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔
یاد رہے کہ رافیل طیارہ دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے، جسے بھارت نے فرانس سے اربوں ڈالر کے معاہدے کے تحت حاصل کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد اس معاہدے پر بھی سوالات اٹھنے کا امکان ہے۔