
اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور پاک افواج کے سربراہان کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈکوارٹرز کا اہم دورہ کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، ملکی اعلیٰ قیادت کو مشرقی سرحد پر بھارت کی بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی اور روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جاری تیاریوں پر ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر موجود قیادت کو علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، ابھرتے ہوئے خطرات، ہائبرڈ جنگی حکمت عملیوں، دہشت گردی کی پراکسی سرگرمیوں اور روایتی دفاعی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے، انٹیلی جنس نگرانی کے نظام کو بہتر کرنے اور آپریشنل تیاریوں کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو درپیش کسی بھی چیلنج کا مؤثر اور فوری جواب دیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کو لاحق پیچیدہ خطرات کے پیش نظر ایجنسی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ قومی مفادات کے تحفظ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور پاک فوج دنیا کی منظم اور پیشہ ور افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔
اجلاس میں شریک قیادت نے وطنِ عزیز کے دفاع اور وقار کے لیے ہر قسم کے خطرات کے مقابلے میں قومی عزم کا اعادہ کیا۔ قیادت نے واضح کیا کہ مسلح افواج، ریاستی اداروں اور عوام کے مکمل تعاون سے پاکستان کی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔