
پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن کی جانب سے سرکاری افسران کی عالیشان رہائش گاہوں کو پارکس میں تبدیل کرنے کی تجویز سامنےآ ئی ہے۔
نجی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے رکن میاں طاہر کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی اور انہوں نے اس تجویز کو سامنے رکھتے ہوئے صوبے میں سرکاری افسران کی بڑی بڑی عالیشان رہائش گاہوں کی نشاندہی بھی کی۔
ایوان میں تقریر کرتے ہوئے میاں طاہر نے کہا کہ سرکاری افسران 12، 12 ایکڑ کی رہائش گاہوں میں رہتے ہیں ان رہائش گاہوں کو عوام کیلئے مختص کیاجانا چاہیے، ان رہائش گاہوں کو پبلک پارکس میں تبدیل کیا جاسکتا ہے جہاں عوام سیر و تفریح کرسکیں اور یہ بڑی بڑی رہائش گاہیں عوام کی سہولت بن سکیں۔
رکن پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ ان رہائش گاہوں کے بجائے سرکاری افسران کو ایک کنال کے رقبے پر کوٹھیاں بناکر دی جانی چاہیے۔
میاں طاہر کی تجویز پر پارلیمانی سیکرٹری نے ایوان میں کھڑے ہوکر اعتراف کیا کہ واقعی ایسا ہے کہ سرکاری افسران بڑی بڑی رہائش گاہوں میں رہتے ہیں، میاں طاہر نے ایک اچھے معاملے کی جانب نشاندہی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسران کو چھوٹی رہائش گاہوں میں منتقلی کیلئے قانون میں ترمیم کرنا ہوگی، ایوان کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت اس معاملے پر ضرور غور کرے گی۔
معاملے پر ڈپٹی سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے پارلیمانی سیکرٹری کو ہدایات دیں کہ اگر یہ تجویز اچھی ہے تو سسٹم کو بدلنے کیلئے قانون میں ترمیم کریں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pm1n1n121.jpg