
لیگی رہنما نواز شریف کی واپسی کے دعوے کرنے لگے۔۔ ایاز صادق کے بعد جاوید لطیف نے بھی ایک ماہ کے اندر اندر واپس آنے کا دعویٰ کردیا
اے آر وائے نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف انشااللہ وطن واپس آ رہے ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم ایک ماہ کے اندر اندر پاکستان واپس آ سکتے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ اگر ایسی صورت ہوتی ہے کہ ہمیں ملک کی باگ ڈور ملتی ہے تو نواز شریف کے وزیراعظم نہ بن سکنے کی صورت میں کون وزیراعظم ہو گا اس کا فیصلہ بھی وہ خود کریں گے، اگر شہبازشریف بھی وزیراعظم بنتے ہیں تو مجھے خوشی ہو گی کیونکہ وہ ہماری پارٹی کے صدر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے، آپ دیکھیں گے کہ وہ واپس بھی آئیں گے اور چوتھی بار وزیراعظم بھی بنیں گے۔ پاکستان میں کئی سالوں سے تجربے ہو رہے ہیں، ہماری جد وجہد یہی ہے کہ فارمولا دینے والے صرف عوام ہیں۔
جاوید لطیف کے اس دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ برطانیہ میں نواز شریف کی ویزا توسیع کی سماعت آگئی ہے، انہیں مزید ویزا توسیع نہیں ملتی تو واپس آنا ہوگا اس سب کے لیے ماحول بنایا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لیگی رہنما ایاز صادق نے بھی نواز شریف کی واپسی کا عندیہ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف 20 جنوری تک پاکستان واپس آ جائیں گے۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں نواز شریف کی واپسی سے متعلق امید بھی ہے اور یقین بھی۔
ایاز صادق نے کہا کہ لوگوں نے ہاتھ کھڑے کردیے، گڈ گورننس بیڈ ہوگئی، نواز شریف کو اس جہاں میں انصاف ملنے کا وقت آگیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 20 تاریخ کو لندن جارہے ہیں، نواز شریف کو لے کر ہی واپس آئیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/javddii11.jpg