نریندر مودی اور شاہ رخ خان کی بھارتی ٹیم کے کوچ کے عہدے کیلئے درخواستیں؟

indiaicoachinsdjd.png

بھارتی کرکٹ بورڈ کو ٹیم کے کوچ کے عہدے کیلئے تقریبا 3400 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں نریندر مودی اور شاہ رخ خان سمیت کئی نامور بھارتی شخصیات کے ناموں سے درخواستیں بھی آئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے اشتہار جاری کیا تھا اور خواہش مند افراد سے درخواستیں طلب کی تھیں، بی سی سی آئی نے اس حوالے سے27 مئی کی ڈیڈلائن بھی دی تھی ، ڈیڈ لائن سے قبل بی سی سی آئی کو تقریبا 3ہزار 400 درخواستیں موصول ہوئیں۔

ان درخواستوں کی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ زیادہ تر درخواستیں جعلی ہیں جو نریندر مودی، شاہ رخ خان، سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، مہندرسنگھ دھونی ، امیت شاہ سمیت متعدد نامور بھارتی شخصیات کے ناموں سے بھیجی گئی ہیں۔


بی سی سی آئی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے مثالی امیدوار کیلئے ان درخواستوں کی جانچ پڑتال کے دوران نامور شخصیات کے ناموں سے موصول ہونے والی درخواستوں کو جعلی قرار دیدیا ہے اور کہا ہے کہ جعلی درخواستوں کی پریشانی سے بچنے کیلئے اگلی بار ایک مختلف طریقہ اختیار کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس طرح کی جعلی درخواستیں موصول ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے، اس سے قبل بھی بی سی سی آئی کو متعدد بار ایسی جعلی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
 

Back
Top