
سینئر تجزیہ کار و اینکر پرسن کامران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے اپنی مدت پوری کرنے سے متعلق شکوک وشبہات پیدا ہوگئے ہیں ، اس حوالے سے سب سے اہم کردار ن لیگ کا ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام آج کامران خان میں اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے سینئر صحافی نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنی حکومت کے چوتھے سال میں شدید غیر یقینی، معاشی مسائل، انتخابی غیر مقبولیت اور سیاسی تنہائی کا سامنا ہے ، ایسی صورتحال میں عام سوال یہ پیدا ہورہا ہے کہ کیا یہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 2023 میں ہوں گے یا اگلے سال 2022 میں اس حوالے سے سب سے اہم کردار سب سے اہم سیاسی قوت مسلم لیگ ن نے ادا کرنا ہے ، یہاں تک بھی کہا جارہا ہے کہ موجودہ حکومت کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے بال اس وقت ن لیگ کے کورٹ میں ہے۔
کامران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اس وقت پنجاب اور وفاق کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے اور تحریک انصاف کی وفاقی و پنجاب حکومت صرف 11، 11 اراکین کے ووٹوں پر ٹکی ہوئی ہے اسی طرح سینیٹ میں موجودہ اپوزیشن کی مجموعی تعداد حکومت سے زیادہ ہے، ایسی صورتحال میں اپوزیشن کیلئے قومی اسمبلی ، سینیٹ یا پنجاب اسمبلی میں حکومت کا تختہ الٹنا زیادہ مشکل فیصلہ نہیں ہوگا۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی یا نہیں، ملک میں عام انتخابات 2023 کے مقررہ وقت پر ہوں گے یا نہیں اور قومی اسمبلی، پنجاب یا سینیٹ میں کوئی ان ہاؤس تبدیلی آنے کا امکان ہے یا نہیں ان سارے معاملات پر بنیادی فیصلے اس وقت ن لیگ کو کرنے ہیں ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/kamran11311.jpg