
افریقی ملک نائجیریا کی مختلف جیلوں میں سب سے کم 8 پاکستانی شہری قید کی سزا کاٹ رہے ہیں: سرکاری دستاویزات
ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران بیرون ممالک مختلف جرائم میں ملوث جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تفصیلات کے حوالے سے دستاویزات جمع کروائی گئی ہیں۔ ایوان میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک کی جیلوں میں مجموعی طور پر12 ہزار سے زیادہ پاکستانی شہری مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے باعث قید ہیں۔ سعودی عرب اور یو اے ای کی مختلف جیلوں میں سب سے زیادہ 6ہزار 2 سو پاکستانی شہری قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق ابوظہبی کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 16 سو 12 جبکہ دبئی میں 14سو 88 پاکستانی شہری قید ہیں۔ ریاض کی مختلف جیلوں میں 15 سو 96، جدہ میں 15 سو 4، قطر میں 209، ترکی میں 329 اور یونان کی مختلف جیلوں میں 811 پاکستانی شہری قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق برطانیہ کی مختلف جیلوں میں اس وقت 275 پاکستانی شہری، ملائشیاں کی جیلوں میں 151، سری لنکا میں 94، کویت میں 55، ڈنمارک میں 32، مالدیپ میں 21، افغانستان میں 13، اردن میں 12 اور افریقی ملک نائجیریا کی مختلف جیلوں میں سب سے کم 8 پاکستانی شہری قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق عراق کی مختلف جیلوں میں 672، چین میں 239، منامہ میں 208، جرمنی میں 119، سپین میں 115، آسٹریلیا میں 44 جبکہ امریکہ مختلف جیلوں میں قید کاٹنے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد 98 ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی جیلوں سے رہائی کے لیے متعلقہ وزارتوں اور فریقوں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے۔