
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نجی بینک کا کیش لے جانے والی وین پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکورٹی گارڈ جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منجی والا کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے راکٹ لانچروں سے وین کو نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں وین کے ساتھ موجود نجی کمپنی کے ایک سیکورٹی گارڈ کی موت واقع ہو گئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر لکی سٹی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس نے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
اسی ضلع میں پہلے بھی دہشت گردی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ حالیہ دنوں میں خیروخیل پکہ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ شہید ہونے والے اہلکار حکمت اللہ اور خان بہادر ڈاک ڈیوٹی پر تعینات تھے اور موٹرسائیکل پر ڈاک لینے جا رہے تھے جب ان پر حملہ ہوا۔ پولیس کے مطابق دونوں اہلکار مختلف تھانوں میں تعینات تھے اور حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3lakimarwatkjksjkdjkd.png