
لاہور کے علاقے ساندہ میں پولیس نے مصطفیٰ نامی ایک ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے کہ اس نے اپنے 9 ماہ کے سگے بیٹے کو تشدد کر کے قتل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 9 ماہ کے مقتول بچے موسیٰ کی ماں کنول شہزادی نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے شوہر مصطفیٰ نے 30 ستمبر کی رات کو کمسن بچے کو پیٹنا شروع کر دیا جب وہ اسے چھڑانے کیلئے آگے بڑھی تو اسے بھی تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ بیہوش ہو گئی۔
بچے کی والدہ کے مطابق شوہر نے میرے سامنےبچےکو زمین پرپھینکا اور لاتیں ماریں۔ مار مارکر بچے کے ناک کی ہڈی توڑ دی تھی، منع کرنےپر مجھےبھی بیلٹ اوربلے سے مارا۔
خاتون نے درخواست میں الزام لگایا کہ اس کا شوہر ملزم مصطفیٰ بچے کو پیٹتا ہی رہا اور اس کے جسم کو سگریٹ سے داغتا رہا بچہ کی حالت بگڑنے پر اسے اسپتال لیجایا گیا اور اسپتال سے واپسی پر اس کی نند نے بتایا کہ بچہ انتقال کر گیا تھا اسے دفن کر دیا ہے۔
متاثرہ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ ساس کو شکایت کی پھربھی شوہر بچے کو مارنے سے باز نہ آیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔
مقتول بچے کی ماں نے مقدمے میں اپنے شوہر مصطفیٰ، دادی ریحانہ اور فیصل نامی ایک شخص کو ملزم نامزد کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مدعیہ نے جو ویڈیو دکھائی ہے اس میں بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات نظر آتے ہیں مگر حتمی فیصلہ پوسٹمارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی ہوگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/maan111.jpg