
عمران خان ٹی بوائز کے نام پر پیسے منگواتے رہے ، خود ڈیکلیریشن فارم پر دستخط کرتے تھے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو گا،فارن فنڈنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، صادق و امین قوم کو جواب دے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے لندن میں قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ٹی بوائز کے نام پر پیسے منگواتے رہے ، خود ڈیکلیریشن فارم پر دستخط کرتے تھے، الیکشن کمیشن کے فیصلے نے عمران خان کی فارن فنڈنگ کو ثابت کر دیا، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو گیا، مسلم لیگ ن اور تمام اتحادی جماعتوں کا فیصلہ ہے کہ فارن فنڈنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، صادق و امین قوم کو جواب دے۔
https://twitter.com/x/status/1555914607407005696
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے جھوٹوں کا پردہ فاش ہو گیا ہے۔ انا کے پہاڑ پر بیٹھے شخص سے جو سب کو چور، ڈاکو کہتا تھا اور جو شخص 4 سال قوم کا وقت ضائع کرتا رہا اس نے سب سے بڑا فراڈ قوم کے ساتھ کیا ، عمران خان کہتا تھا کہ اگر میں نہ ہوا تو نیوکلیئر طاقت پاکستان اور فوج تباہ ہو جائے گی، جو ریاست مدینہ کا نام لیتے نہیں تھکتا تھا اس سے پاکستانی قوم پوچھ رہی ہے کہ ٹی بوائز کے نام پر آنے والے پیسوں کا حساب دے۔قوم عمران خان کا محاسبہ کرے گی۔
صحافیوں کے اس سوال پر کہ "میاں محمد نوازشریف سے ملاقات میں انہوں نے پاکستان واپسی کے حوالے سے کوئی بات کی" کا جواب دیتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ میری 4 سال بعد نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے، ان کی صحت دریافت کی اور ساتھ ہی ساتھ سیاست پر بھی بات ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف پاکستان کی سیاست کا محور ہیں، جب بھی پارٹی اور ڈاکٹرز مناسب سمجھیں گے تو ان کی واپسی ہو گی۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات جو اپنے وقت پر 2023ء میں ہوں گے اس کی مہم کی قیادت میاں محمد نوازشریف کرینگے۔