شہباز حکومت نے رواں مالی سال 4 اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا

shaheb111i.jpg


شہباز حکومت نے رواں مالی سال 4 اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال میں 4 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے جن میں آر ایل این جی پر چلنے والے حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹس سرفہرست ہیں۔

موصول ہونیوالی دستاویزات کے مطابق ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی نجکاری مارچ 2023 تک کی جائے گی جبکہ فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری جون 2023 میں متوقع ہے۔

دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ شفافیت یقینی بنانے کیلئے بعض اداروں کا خصوصی آڈٹ کیا جائے گا۔

سوئی سدرن گیس کمپنی،حیسکو اور پیپکو کا بھی خصوصی آڈٹ ہوگا۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ اداروں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا جائے گا، اور یہ یونٹ وزارت خزانہ میں جنوری 2023ء تک فعال ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز سمیت اہم اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرتے ہوئے قانون سازی مکمل کرلی۔

یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ یواے ای ، قطر سمیت مختلف ممالک نے شئیرز کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔۔

اس وقت اسٹیل مل، پی آئی اے، پاکستان ریلوے سمیت دیگر ادارے ملک کیلئے سفید ہاتھی بنے ہوئے ہیں جو ہر سال اربوں روپے کا بجٹ کھاجاتے ہیں اسکے باوجود یہ ادارے مسلسل خسارے کا شکار ہیں۔
 

Back
Top