
معروف اینکر پرسن اور تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو سرکاری ٹی وی سے ہٹائے جانے کے بعد ان کا پہلا انٹرویو کیا جس میں پی ٹی وی سپورٹس کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سے شو کے دوران آن ائیر کی جانے والی بد تہذیبی پر معافی مانگ لی۔
ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنے بیان میں کہا کہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ائیر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی۔ میں اپنی غلطی پر ایک بار نہیں ہزاروں بار معافی مانگتا ہوں، شعیب اختر اسٹار ہیں مجھے ان کی کرکٹ سے محبت ہے۔
پی ٹی وی کے ڈائریکٹر آف سپورٹس نے مزید کہا کہ پروگرام کے بعد والد نے کہا کہ مجھے تم سے یہ توقع نہیں تھی تم نے غلطی کی۔ اس وقت شعیب اختر اسٹار اور میں صرف میزبان تھا مجھے معاملہ سنبھالنا چاہیے تھا۔ یہ چیز نہیں ہونی چاہیے تھی جس کا میں خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار ہوں اور بھگت رہا ہوں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ڈاکٹر نعمان نیاز نے سرکاری ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں غیر ملکی سپر اسٹارز کے سامنے شعیب اختر کے ساتھ بد تہذیبی کا مظاہرہ کیا تھا جس پر شعیب اختر نے آن ائیر ہی پروگرام چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری ٹی وی کو انکوائری کرنے کی ہدایت دی تھی، جس پر پی ٹی وی کی انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر دونوں کو آف ائیر کر دیا تھا۔ پی ٹی وی کی جانب سے معاملے کی انکوائری کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
رؤف کلاسرا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے کرکٹ کا بہت جنون تھا میرا لاہور میں جس جگہ گھر تھا وہاں سے بہت بڑے فرسٹ کلاس کرکٹر نکلے تھے، انہوں نے کہا میں وڑائچ طیارے پر بیٹھ کر ویو رچرڈ کی اننگز دیکھنے جایا کرتا تھا۔
نعمان نیاز نے بتایا کہ ان کے والد سابق فوجی افسر ہیں جن کی عمر اب 87 برس ہے ان کے وہ ساتھی جو تب کپتان تھے وہ بھی اب ریٹائر ہو چکے ہیں اور میرے والد بھی اب صرف اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ مجھے ان کی وجہ سے سرکاری ٹی وی میں میزبانی دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے آڈیشن دینے کیلئے بلایا گیا تھا مگر میں اتنا اچھا بول رہا تھا کہ گوجرانوالہ میں ہونے والا ایک ماضی کا میچ بارش کے باعث لیٹ تھا اور مجھے میچ پر گفتگو کرنے کیلئے بٹھایا گیا میں بولتا ہی چلا گیا جب آڈیشن دینے کے بعد باہر نکلا تو مجھے پتہ چلا کہ میں آن ایئر تھا اور لائیو لوگ مجھے سن رہے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nauman-niaz2134.jpg