
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے بھی ملک میں فوری عام انتخابات کروانےکا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے یہ مطالبہ قومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال کا واحد حل فریش عوامی مینڈیٹ ہے، ملک میں الیکشن لازمی ہونے چاہیے۔
خواجہ محمد آصف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان ساڑھے تین سال میں ملک کو دیوالیہ کرکے گیا ہے، یہاں صورتحال یہ ہے کہ اقتدار جائے تو ملک جائے بھاڑ میں قواعد جائیں بھاڑ میں عمران خان ہر چیز کو داؤ پر لگادیں گے، ہم حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ عمران خان سے لیں گے جو خود توشہ خانہ کے تحائف مارکیٹ میں بیچ دیتا ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل سے پیسے لینے والے ہمیں امپورٹڈ حکومت قرار دے رہے ہیں، سیاسی تناؤ اتنا بڑھے گا تو ملک میں کچھ بھی نہیں بچے گا، جب آپ لوگوں کے گھروں کے باہر جائیں گے تو معاملہ سول وار تک جائے گا اور پھر ملک میں کچھ نہیں رہے گا، اب تو حد ہوگئی ہے صحافیوں کے گھروں پر حملے ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی تناؤ ایسے ہی بڑھتا رہا تو بعید نہیں کہ یہ دیگر لوگوں کے گھروں تک بھی پہنچ جائے، سول وار اور بدامنی کا یہ خطرہ صرف پاکستان تک محدود نہیں ہے، اب اوورسیز پاکستانیوں تک نفرت کا سلسلہ پہنچ چکا ہے یہ خطرناک ترین ہے۔
بلوچستان کی موجودہ صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ان وجوہات کا تدارک کرنا ہوگا، میں بی این پی کے دوستوں سے درخواست کروں گا کہ مل کر بلوچستان کےعوام کا مسائل کا حل ڈھونڈیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11khawajasif.jpg