سیالکوٹ شہر کا ایک اور میگا پراجیکٹ ہائی ٹیکس پیئر کے نام کر دیا گیا

2usmandar.jpg

حکومت کی ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیلئے کوششوں کے تحت سیالکوٹ میں ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کیلئے جاری منفرد مہم کے زبردست نتائج جاری ہیں، سیالکوٹ میں ایک اور ترقیاتی منصوبہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہری کے نام کر دیا گیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے بتایا کہ سیالکوٹ میں 20ارب کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور اب ایک ارب روپے کی خطیر لاگت سے مکمل ہونے والے ایک اور میگا پراجیکٹ کو شہر سے تعلق رکھنے والے معزز ٹیکس پیئر کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے۔

عثمان ڈار نے بتایا کہ 7 کلومیٹر طویل ایمن آباد کیرج شاہراہ کو نہ صرف سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ٹیکس پیئر شہری خواجہ محمد عرفان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے بلکہ اس سڑک کا افتتاح بھی انہی سے کرایا گیا ہے۔

اس حوالے جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس موقع پر دلی خوشی ہے کہ ایک اور میگا پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے اور اس سے بھی بڑی خوشی کی بات یہ ہے کہ اسے اس عظیم سپوت کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جس کا شمار شہر کے بڑے ٹیکس پیئرز میں ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ پر ایک ارب 10 کروڑ روپے لاگت آئی ہے جس کی مدد سے 7 کلومیٹر طویل یہ شاہراہ بنائی گئی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ہمارے ملک کے یہ لوگ جو بڑی رقم ٹیکس کے طور پر ادا کرتے ہیں ان کی ملک کیلئے یہ شراکت داری ہوتی ہے جس کا انہیں صلہ ملنا چاہیے۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے بتایا کہ یہ ٹیکس پیئر سالانہ 10 ارب روپے کی رقم ٹیکس کی مد میں حکومتی خزانے میں جمع کراتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد لوگوں کو ٹیکس کے حوالے سے ترغیب دینا ہے تاکہ لوگ اس شہر کی خاطر بڑھ چڑھ کر ٹیکس ادا کریں۔

https://twitter.com/x/status/1454380006306729986
عثمان ڈار نے یہ بھی کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی سیالکوٹ کے مزید ترقیاتی پراجیکٹس کو ان عظیم ٹیکس ادا کرنے والوں کے نام سے منسوب کر کے انہیں ہمیشہ ملک کی خدمت کرنے والوں کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

عثمان ڈار نے مزید کہا کہ وہ بڑے پیمانے پر فنڈز کے اجرا پر وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے شکر گزار ہیں، تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ دن رات کام کر رہی ہے۔
 

Back
Top