
سری لنکا میں ایندھن کی شدید قلت کے باعث پیٹرول کے حصول کیلئے فسادات برپا ہوگئے ہیں جس پرقابو پانے کیلئے سری لنکن فوج نےایکشن شروع کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سری لنکن فوج نےشہریوں کے درمیان فسادات کو کنٹرول کرنے کیلئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین فوجیوں سمیت 7 افرادکے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سری لنکن فوج کے ترجمان نیلا نتھا پریمارتنے نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہفتے کی رات ویزوماڈو شہر میں فسادات کے دوران مشتعل افراد نے فوجیوں پرپتھراؤ کردیا جس کے جواب میں فوجی اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاج کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک پیٹرول پمپ پر ایندھن ختم ہونے کے بعد لائن میں لگنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز نے احتجاج شروع کیا جس میں دیکھتے ہی دیکھتے دیگر لوگ بھی شامل ہوگئے ، مشتعل مظاہرین نے فوجیوں کی گاڑی پر حملہ کردیا۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے دیوالیہ ہونے کے بعد ملک بدترین انسانی بحران کا شکار ہوگیا ہے، ملک میں خوراک،ایندھن اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے ،بیرون ملک سے اجناس اور ایندھن کی خریداری کیلئےزرمبادلہ کے ذخائرختم ہوچکے ہیں، سری لنکن حکام نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے سرکاری دفاتر اور اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/serilnka-pttr.jpg