زمان پارک آپریشن کے دوران پولیس کا کون کونسا نقصان ہوا؟رپورٹ منظرعام پر

zamanpaajs.jpg

لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے علاقے میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران گاڑیاں اور ٹریفک سیکٹر میں سرکاری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کے تخمینے کی رپورٹ سامنے آگئی جو لاہور پولیس نے آئی جی پنجاب کو بھجوا دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس تصادم میں 3 واٹر کینن اور پولیس کی 10 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ جبکہ ایک بس کو بھی جزوی نقصان پہنچایا گیا اور واٹر ٹینکر کو مکمل طور پر جلا دیا گیا۔ اس طرح 3 واٹر کیننز کا ساڑھے 58 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جب کہ مکمل خاکستر ہونے والے واٹر 42 لاکھ 50 ہزار مالیت کا واٹر ٹینکر مکمل طور پر جلا دیا گیا۔

زمان پارک میں تمام گاڑیوں کا1 کروڑ 10 لاکھ 90ہزار روپے کا نقصان ہوا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹریفک سیکٹر شادمان میں 8 موٹرسائیکلیں بھی جلا دی گئیں جن کی مالیت 23 لاکھ روپے تھی۔

وائر لیس سیٹس اور کمیونیکیشن سسٹم کو 35 لاکھ جبکہ کیمرے، کمپیوٹر سسٹم، چھتریوں کی مد میں 11 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔ پیٹرول بم کی وجہ سے لگنے والی آگ سے روزنامچے کا 3 سال کا ریکارڈ جل گیا، ٹکٹنگ کا رجسٹر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں سے لیے گئے شناختی کارڈز بھی جل گئے۔

رپورٹ کے مطابق رجسٹریشن بکس اور لائسنس بھی جل گئے، جولائی 2020 سے دسمبر 2022 تک تمام چالان بکس بھی جل گئیں۔ اس حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 50 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو زخمی بھی کیا گیا۔
 

Back
Top