
روسی صدر نے مسجد میں قرآن پاک سینے سے لگا کر دنیا کو پیغام دیدیا ۔ روسی صدر نے اپنے پیغام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل موہ لئے
روسی صدر کا کہنا تھا کہ قرآن مجید مسلمانوں کیلئے مقدس ہے اور دوسروں کیلئے بھی اس کا احترام لازم ہے ،عیدالاضحیٰ کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے داغستان میں مسجد کا دورہ کیا تو انہیں قرآن پاک تحفے میں دیا گیا جسے انہوں نے سینے سے لگالیا۔
روسی صدر کا دورہ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ انہوں نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے اگلے روز مسجد کا دورہ کیا
روسی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قرآن پاک مسلمانوں کی مقدس کتاب ہے، اور یہ دیگر مذاہب کے لوگوں کے لیے بھی مقدس کتاب ہونی چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ دیگر ممالک میں کیا ہورہا ہے، یہ لوگ دوسروں کے مذہبی احساسات کا احترام نہیں کرتے اور پھر ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ یہ کوئی جرم نہیں۔
صدر پیوٹن نے واضح کیا کہ روسی آئین اور کرمنل کوڈ کے آرٹیکل 282 کے تحت روس میں اس طرح کی حرکت کرنا جرم ہے، البتہ ہم ہمیشہ اس قانون پر عمل کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل روسی صدر گستاخانہ خاکوں پر بھی بیان دے چکے ہیں، دسمبر 2021 میں جب عمران خان ملک کے وزیراعظم تھے اور اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھارہے تھے اس وقت پیوٹن نے بیان دیا تھا کہ پیغمبر اسلام کی توہین 'اظہار رائے کی آزادی' نہیں ہے۔
پیوٹن نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پیغمبر اسلام کی توہین 'مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے اور اسلام کے پیروکاروں کے مقدس احساسات کی خلاف ورزی ہے۔
صدر پیوٹن نے مزید کہا تھا کہ اس قسم کے اقدامات شدت پسندی کو فروغ دیتے ہیں اور اس حوالے سے انھوں نے فرانس میں پیغمبر اسلام کے خاکے شائع کرنے والے میگزین کے آفس پر حملے کا ذکر کیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/putinhhh.jpg