
سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے حکومت کو مارکیٹ میں اپنا اعتماد بڑھانے کا کلیہ بتا دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کیش فلو دکھا دے تو مارکیٹ میں اس سے اعتماد بڑھے گا۔
تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزیر خزانہ رہنے والے ممتاز ماہر معاشیات شوکت ترین نے معیشت پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بجلی گیس اور تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے، ہمارے دور میں بجٹ خسارہ کم تھا، آج یہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔
مہنگائی کے باعث عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے، تب ڈالر 178 روپے پر تھا آج 222 روپے پر پہنچ گیا، پیٹرول 150 تھا آج 234 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ حکومت کو ہم بار بار یہی کہتے ہیں کہ آپ اپنے کیش فلو دکھا دیں، کیش فلو دکھانے سے مارکیٹ میں اعتماد بڑھے گا، ہمارے دوست ممالک ہم پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
شوکت ترین نے بتایا کہ دوست ممالک مانتے ہیں کہ یہ حکومت 75 فیصد الیکشن ہار چکی ہے، پاکستان کو ایک مستحکم حکومت کی ضرورت ہے، ہمیں اب الیکشن کی طرف جانا ہوگا۔ الیکشن نہ ہوئے تو بے چینی ملک میں جاری رہے گی۔
انہوں نے خطاب میں بتایا کہ اس پر ہم نے پلاننگ شروع کردی ہے، ہماری حکومت آئی تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ ماضی میں ہمیں معیشت کو سنبھالنے کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، کورونا کے دوران معیشت سنبھالنا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا، اس کے باوجود ہم نے پالیسیوں کے تحت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔