
شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور کی بس کو یرغمال بنا کر طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام
خیرپور میں شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کی بس کو یرغمال بنا کر اس میں سوار ایک طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے، اس دوران7 طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طلبہ کو رانی پور سے شاہ عبدالطیف یونیورسٹی لےجانے والی بس کو رانی پور قومی شاہراہ پر روہڑی کینال کے قریب 7 ملزمان نے اسلحہ کے زور پر روکااور اس میں سوار ہوکر ڈرائیور سمیت تمام افراد کو یر غمال بنالیا۔
ملزمان نے بس میں سوار ایک طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر بس میں موجود دیگر طلباء نے مزاحمت شروع کردی، ملزمان نے مزاحمت کرنے والے طلباء کو تشدد کا نشانہ بنایا جس میں 7 طلباء زخمی ہوگئے ہیں۔
تاہم طلباء کی جانب سے مزاحمت ختم نہ ہونے پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے رانی پور قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر شاہراہ بلاک کردی جس کے بعد سول سوسائٹی اور انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد طلبا ء نے احتجاج ختم کردیا۔
دوسری جانب پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد کہا ہے کہ ملزمان نے بس کو اغوا کرنے یا کسی طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش نہیں کی ، بلکہ واقعہ طلبا کا آپس میں ایک جھگڑے کا تھا جس میں 2 طلبہ زخمی ہوگئے ، واقعے میں ملوث ملزم صفدر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/bus-agwan1112.jpg