
وفاقی حکومت نے چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے آرڈیننس لانے کی تیاری کرلی ہے،آرڈیننس بدھ کو لایا جائے گا۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ دی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔
فوادچوہدری نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے پاس ایسا کوئی قائد حزب اختلاف نہیں ہے جو کرپشن میں ملوث نہ ہو، موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف خود نیب کے ملزم ہیں ان کی مشاورت سے اگلا چیئرمین نیب نہیں لگاسکتے، اپوزیشن کو چاہیے کہ قومی اسمبلی میں اپنا لیڈر تبدیل کریں تاکہ مشاورت کی جاسکے، چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے آرڈیننس تیار کرلیا گیا ہے ، بدھ کو پیش کردیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آئندہ انتخابات پر کسی کو شک کو شبہ نہ ہو، صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں مگر اپوزیشن موثر جواب نہیں دے رہی، اپوزیشن کو جلسوں میں رونے دھونے کے بجائے پارلیمنٹ میں کردار ادا کرنا ہوگا اگر انہیں ہماری انتخابی اصلاحات قبول نہیں ہیں تو اپنی پیش کردیں۔
پنڈورا پیپرز کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کےاجلاس میں اس معاملے پر بھی مشاورت ہوئی، پنڈورا پیپرز میں شامل 700 پاکستانیوں کی تین کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، ایک کیٹیگری ان لوگوں کی ہے جنہوں نے آف شور کمپنیاں ظاہر کردی ہیں ، دوسری کمپنی بنا کر منی لانڈرنگ کرنے والے لوگوں کی ہے جبکہ تیسرے وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی آف شور کمپنیاں ظاہر نہیں کی ہیں، وزیراعظم عمران خان کا قائم کردہ تحقیقاتی سیل جائزہ لے گا کس کی آف شور کمپنی جائز ہے اور کس کی غیر قانونی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/cFwv9h6/5.jpg