
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو دھمکی آمیز ویڈیو موصول ہوئی، جس پر انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم میں درخواست جمع کروادی، حلیم عادل شیخ پر حملے کی دھمکی کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹرایف آئی اے سائبرکرائم سندھ کودرخواست دے دی گئی۔
درخواست حلیم عادل شیخ کے پرسنل اسٹاف افسر حاجی لال محمد نے جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ بطوراسٹاف افسرحلیم عادل کے2موبائل میرےپاس ہوتےہیں، 24دسمبر کو بین الاقوامی نمبر سے متعدد مس کالزاور پیغام موصول ہوئے اور دھمکی دینےوالاشخص کبھی ٹرائبل کبھی نام تبدیل کرتا رہا۔
درخواست میں بتایا گیا کہ پہلامیسج آیا کہ حلیم عادل شیخ پرحملہ ہوسکتا ہے، دوسرامیسج آیا کہ میں آپ کو اطلاع دوں گا اور پھر تیسرامیسج میں کہا گیا کہ میں نے آپ کوبتا دیا باقی آپ پر منحصرہے۔
درخواست کے مطابق میسج کےبعد واٹس ایپ پرکلاشنکوف کی تصویربھیجی گئی، دوبارہ میسج آیالگتاہےتم میرامذاق اڑارہےہو، دھمکی دینے والے نے ایف آئی اے دفتر کی تصویر بھیجی اور طنزیہ طورپرکہا کہ میری شکایت ایف آئی اے دفترکرو۔
درخواست میں کہا گیا کہ ایف آئی اے کراچی اوراسلام آبادکا نمبربھی نمایاں کیاگیا، برائے مہربانی سائبرکرائم ونگ میں مقدمہ درج کیاجائے اور میسجز کرنے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے موصول ہونے والی دھمکی پر کہا ہے کہ کل رات سے ایک اور ویڈیو مختلف گروپس میں وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سندھ پولیس مجھ سے ناراض ہوگئی ہے، میں پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے بے گناہوں کی آواز بنتا ہوں، میری کوئی پولیس سے دشمنی نہیں ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کچھ ماہ پہلے سُکھن تھانے کے پولیس اہلکار نعمان شاہ اور اوباوڑو میں ہیڈ کانسٹیبل سلطان رند کو مارا گیا میں ان کے گھر گیا، شکارپور میں زخمی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے گھر سب سے پہلے میں گیا تھا جب کہ سہراب گوٹھ میں ایس ایچ اور ٹیم نے ڈاکوؤں کو مارا میں نے تھانے جاکر انہیں شاباش اور انعام دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو پولیس کی نہیں اس کے پیچھے سازش ہے، ماحول پیدا کیا جارہا ہے کہ پولیس کی حلیم عادل شیخ سے دشمنی ہے اس کے ڈائریکٹر پروڈیوسر وزیراعلیٰ ہاؤس اور بلاول ہاؤس میں بیٹھے ہوئے ہیں، مراد علی شاہ اس کے اور اس کو کھوج کر نکالنے کے ذمے دار ہیں،پہلے کلاشنکوف آئی پھر سرکاری جی تھری آئی، میری اگر سیاسی مخالفت ہے تو وہ پی پی سے ہے جسے دشمنی بنادیا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اس پوری سازش کے پیچھے آصف زرداری، بلاول زرداری، مراد علی شاہ اور ان کے بہادر بچے ہیں، میں عمران خان کا سپاہی ہوں صرف اللہ کی ذات سے ڈرتا ہوں، ان ظالموں کے خلاف مظلوموں کی جنگ لڑتا رہوں گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/haelmm1121.jpg