
ٹک ٹاکر حریم شاہ جو آج کل برطانیہ پہنچی ہوئی ہیں ان کے ایک منہ بولے بھائی دانیال ملک سامنے آئے ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف پنجاب کے رہنما اور سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے انہیں الیکشن کا ٹکٹ دینے کیلئے 3 کروڑ روپے مانگے تھے۔
دانیال ملک نے بتایا کہ وہ گجرات کے رہنے والے ہیں اور این اے 68 سے 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے بڑے مضبوط امیدوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان نے مجھ سے الیکشن میں تحریک انصاف کا ٹکٹ دینے کیلئے 3 کروڑ روپے مانگے تھے، شعیب صدیقی کے ذریعے سیکرٹریٹ میں مجھ سے پیسے مانگے گئے۔
متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ کے ساتھ اپنی موجودگی سے متعلق دانیال ملک نے بتایا کہ حریم شاہ ان کی منہ بولی بہن ہیں۔ جب کہ ٹک ٹاکر نے منی لانڈرنگ اور حالیہ ایف آئی اے کے نوٹس اور خطوط سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی سے ڈرتی نہیں ہوں کیس بنانے والے کچھ بھی بنا دیتے ہیں مگر اسے ثابت کرنا اصل کام ہوتا ہے۔
حریم نے کہا کہ انہوں نے اپنی ویڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی تھی بلکہ انہوں نے تو ان وعدوں اور دعووں کی نشاندہی کی تھی جو کہ وزیراعظم نے کیے تھے کہ ملکی کرنسی کو بہتر کریں گے اور پاسپورٹ کی عزت کرائیں گے مگر خبریں ہیں کہ پاکستانی پاسپورٹ دنیا کے بدترین پاسپورٹس کی فہرست میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے کرنسی اور پاسپورٹ کی قدر آئے روز کم ہی ہو رہی ہے۔ حکومت نے پہلے لوگوں کو جھوٹے خواب دکھائے تھے اب لوگوں کو میری سچی باتیں بھی کڑوی لگتی ہیں۔ ٹک ٹاکر نے کہا کہ مجھے پاکستان میں یا برطانیہ میں جب بھی کوئی تحقیقات کیلئے بلائے میں تعاون کیلئے تیار ہوں۔
حریم نے پاکستانی اداروں کے تحقیقاتی خطوط سے متعلق کہا کہ ان کی وقعت ٹشو پیپر جیسی ہے جسے یہاں لوگ پڑھے بغیر پھاڑ کر کوڑے دان میں پھینک دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نواز شریف کی منی لانڈرنگ پر بڑے بڑے دعوے کرتی تھی مگر وہ یہاں آرام سے بیٹھے ہیں اور الطاف حسین کا بھی آج تک کچھ نہیں ہو سکا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/hareemn1n1213.jpg