
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث رواں سال حج اخراجات میں بھی بڑا اضافہ ہونے کا امکان ہے، حج اخراجات بڑھ کر 7 سے 10 لاکھ تک ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرمذہبی امورمفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے اس سال سرکاری سکیم کے تحت حج پیکیج 7 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک ہونے کا امکان ہے۔
مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ رواں سال 81 ہزار 132 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، یہ کوٹہ 40 فیصد سرکاری اور 60 فیصد نجی سکیم کے تحت تقسیم کیا جائے گا، آن لائن درخواستیں یکم تا 13 مئی 2022ء تک لوگ جمع کرا سکتے ہیں جبکہ ان درخواستوں کی ٹوکن منی 9 تا 13 مئی تک منظور شدہ بینکوں میں جمع ہوں گی، وہ خواہشمند افراد جو ٹوکن منی اور درخواست فارم بینک میں ہی اکٹھے ہی جمع کرانا چاہتے ہیں وہ حکومت کے منظور کردہ شریعہ اکائونٹ کے حامل بینکوں میں 9 تا 13 مئی تک جمع کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی وجہ سے دنیا کے ہر شعبہ کی طرح حج اور عمرہ بھی متاثر ہوا، سعودی حکومت نے 2020ء اور 2021ء میں صرف مقامی طور پر حج کی اجازت دی، اﷲ کا شکر ہے کہ اب سعودی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر حج کا اعلان کیا ہے جس کیلئے ہم سعودی فرمانروا اور ولی عہد کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال سعودی عرب کی جانب سے کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے 65 سال تک عمر مقرر کی گئی ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق رواں سال سرکاری سکیم کے حج پیکیج 7 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال دنیا بھر کیلئے سعودی عرب نے حج کی روایتی تعداد میں کمی کرتے ہوئے تقریباً 45 فیصد یعنی 10 لاکھ افراد کا کوٹہ تمام مسلم ملکوں میں تقسیم کیا ہے جس کے بعد پاکستان کے حصہ میں 81 ہزار 132 کا کوٹہ ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4hajjmehngasjakoorpc.jpg