
اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینر لگا کر سیل کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا ہے، ڈی چوک کو پہلے ہی کنٹینر رکھ کر سیل کیا جاچکا ہے۔ ریڈ زون جانے والے دیگر تمام راستوں کو بھی آج رات سیل کردیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریڈزون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا چھوڑا جائے گا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی اجازت کے لیے درخواست تیار کرلی۔
پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سری نگرہائی وے پر جلسے، دھرنے کے لیے ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان جگہ دی جائے۔ ڈی سی آفس کے مطابق ابھی تک پی ٹی آئی کی جلسے یا دھرنے کی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔
ڈی سی آفس کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد اجازت دینے اور جگہ کا تعین کیا جائے گا۔ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بدھ 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرائے جائیں۔
عمران خان نے کہا تھا کہ تیسری کوئی بات ہمیں قبول نہیں پھر اگر قوم ان چوروں کو لانا چاہتی ہے تو بے شک لے آئے مگر کوئی بیرونی ملک ان کو ہم پر مسلط نہ کرے۔ لوگ بار بار کہتے ہیں کہ جان کو خطرہ ہے، کوئی جان کو خطرہ نہیں ہے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، یہ اللّٰہ کا کام ہے۔
ادھر اتحادی حکومت میں طے پایا ہے کہ پی ٹی آئی سری نگر ہائی وے پر اگر پرامن مارچ کرے گی تو اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، سری نگر ہائی وے سے آگے آنے کی صورت میں قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔
جب کہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خاں کو خصوصی ٹاسک سونپا جائے گا، مشاورتی اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔ سابق صدر آصف علی، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گی۔