
حلقہ بندیوں کے درست نہ ہونے پر ایم کیو ایم کے تحفظات برقرار ہیں، بلاول ہاؤس میں بیٹھک بے نتیجہ رہی، بلاول ہاؤس کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ذرائع کے مطابق ملاقات میں حلقہ بندیوں کے معاملے میں پیشرفت نہیں ہوسکی۔
ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ وہ سیاست نہیں شہری سندھ کے مسائل کا مستقل حل چاہتے ہیں، اس لیے موجودہ اتحادی حکومت کا حصہ بنے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلز پارٹی پر معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے کا شکوہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے نمائندہ وفد نے ملاقات میں ہونے والی گفتگو پر وزیراعظم کو آگاہ کرنا ہے، وزیراعظم نمائندہ وفد سے بریفنگ لینے کے بعد آصف زرداری سے رابطہ کریں گے،ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے درمیان آج ایک اور ملاقات کا امکان ہے۔ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس میں حکومت سے علیحدگی سمیت دیگر آپشن پر کارکنوں سے رائے لی جائے گی۔
سابق صدر آصف زرداری نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات اور حلقہ بندیوں کے معاملے کےحل کی یقین دہانی کرادی، آصف زرداری نے کہا چند روز میں معاملہ مشورہ سے حل کرلیا جائے گا، آصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا، ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے اور رہے گی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ووٹر لسٹوں کو مسترد کرتے ہوئے متنازع حلقہ بندیوں کے خلاف 9 جنوری کو احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا، جس میں شرکت کیلیے پی ایس پی کو دعوت دے دی۔
نجی چینل کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کرلی، جس کے تحت 9 جنوری کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں شرکت کیلیے پاک سرزمین پارٹی، فاروق ستار، مہاجر قومی موومنٹ حقیقی، جماعت اسلامی کو دعوت دی جائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/mustafka11.jpg