ایران اور اسرائیل کا ایک دوسرے کے جاسوس پکڑنے کا دعویٰ

LatSpy1_mazs.png

ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے خلاف جاسوسی الزامات عائد کرتے ہوئے دو، دو افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ پیشرفت دونوں ملکوں کے درمیان جاری خفیہ جنگ کو مزید سنگین رخ دے رہی ہے۔


برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز نے اتوار کے روز اطلاع دی کہ ایران نے صوبہ البرز میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے، جن پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے تعلق رکھنے کا الزام ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان افراد پر دھماکا خیز مواد اور حساس الیکٹرانک آلات تیار کرنے کا الزام ہے، جو مبینہ طور پر تخریبی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونا تھے۔


دوسری جانب، ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی داخلی انٹیلیجنس ایجنسی شین بیٹ اور پولیس نے بھی دو اسرائیلی شہریوں کو ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔ ان افراد پر الزام ہے کہ وہ ایران کی ہدایات پر حساس معلومات جمع کرنے اور ممکنہ تخریب کاری میں ملوث تھے۔


یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب جمعے کے روز اسرائیل نے مبینہ طور پر ایران کی جوہری اور میزائل تنصیبات پر حملہ کیا، جس میں اعلیٰ فوجی کمانڈر اور سائنسدان مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیلی علاقوں پر بیلسٹک میزائل داغے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی۔


یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں متعدد اسرائیلی شہریوں کو بھی ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ ایران میں بھی موساد سے منسلک نیٹ ورکس کی نشاندہی اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔
 

Back
Top