
بابراعظم کے پیغامات نظر انداز کرنے کا معاملہ، ذکاء اشرف نےراشد لطیف کا دعویٰ مسترد کردیا
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے پیغامات نظر انداز کرنے سے متعلق راشد لطیف کے دعوے کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے کہا کہ راشد لطیف نے ایک غلط بیان دیا جس پر مجھے افسوس ہے، مجھے یہ بیان کسی ایجنڈے کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔
ذکاء اشرف نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کو برا بھلا نہیں کہا جانا چاہیے، اس سے ٹیم کا مورال ڈاؤن ہوتا ہے، سابق کھلاڑی اور عوام مثبت انداز میں بات کریں، ورلڈ کپ کی ٹیم سیلکشن میں انضمام الحق کو کوئی ہاتھ نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہارون الرشید کی منتخب کردہ ٹیم ہے، انضمام بہت بڑا نا م ہے اور وہ پھر بھی سب سے کم پیسوں میں چیف سیلکٹر بنے، ہماری کرکٹ ماڈرن کرکٹ نہیں ہے، ٹیم میں دوستی یاری کے معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم کئی کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور فٹنس سامنے ہے، ایونٹ کے اختتام ماہرین کی رائے کی روشنی میں مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا کہ ایشیاء کپ کے بعد کوچز،چیف سیلکٹرز، کپتان، نائب کپتان سے میٹنگز کیں، بابراعظم سے الگ ملاقات بھی کی، ٹیم میں کسی تبدیلی کی کوئی تجویز نہیں دی گئی، کوچز کپتان سب ٹیم کی سیلکشن سے مطمئن تھے، شاداب کو بھی انہوں نے ہی ٹیم میں رکھنے کا کہا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/zaka.jpg