
امریکہ میں مقیم پاکستانی شخص نے اپنی ساس ، بیوی اور بیٹی کو قتل کرکے خودکشی کرلی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس میں پیش آیا جہاں ایک بیوی سے جھگڑے کے دوران مشتعل ہونے والے شخص نے ساس، بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق علیحدہ علیحدہ رہنے والے میاں بیوی میں طلاق کی نوبت آچکی تھی، تاہم خاتون کی جانب سے طلاق کیلئے عدالت سے رجوع کرنے پر اس کے شوہر کو شدید غصہ تھا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کے روز خاتون اپنی بیٹی کے ہمراہ ملازمت پر جانے کیلئے گھر سے نکلنے والی تھی کہ اس کا شوہر آگیا اور دونوں میں تکرار شروع ہوگئی، بحث جب حد سے بڑھی تو شوہر آپے سے باہر ہوگیا اور اس نے بندوق نکال کر دونوں کو قتل کرنے کیلئے فائر کردیا۔
خاتون کو بچانے کیلئے اس کی والدہ باہر آئیں تو سفاک شخص نے ان پر بھی گولیاں برسادیں اور جب تینوں خواتین دم توڑ گئیں تو ملزم نے خود کو گولی مارکر اپنا بھی خاتمہ کرلیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے 4 لاشیں برآمد ، خود کار پستول اور خالی کارتوس برآمد ہوئے ہیں، پولیس نے مقتولین کی شناخت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔
تاہم مرنے والوں کی نماز جنازہ جس اسلامک سوسائٹی کے زیر انتظام پڑھائی گئی اس کی انتظامیہ کے مطابق چاروں افراد کا تعلق پاکستان سے تھا اوران کی شناخت سعدیہ منظور،بیٹی خدیجہ محمد اور ساس عنایت بی بی کے نام سے ہوئی ہے،اسلام سوسائٹی نےقاتل کے نام کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/suicci1i11.jpg