
ملک میں آنے والے معاشی استحکام ایک بار پھر بدحالی کی طرف جانا شروع ہوگیاہے، آج بھی ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں منفی رجحان دیکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ ہو، انٹر بینک ،اوپن مارکیٹ یا صرافہ بازار، آج کاروبار کے دوران ہرطرف منفی اعشاریے دیکھنے کو ملے، ایک طرف اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی سے سرمایہ کاروں کو اربوں روپےکا نقصان پہنچا تو دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، روپے کی قدر میں گراوٹ کے باعث ملک میں سونے کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق آج انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر مزید 1روپیہ3 پیسے مہنگا ہونےکے بعد 219 روپے45 پیسے کی سطح پرپہنچ گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر3 روپے مہنگا ہونے کے بعد 229 روپے کا ہوگیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1562745083786821632
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی آج کاروبار کے دوران مندی کے بادل چھائے رہے اور ہنڈرڈ انڈیکس305 پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، کاروبار کے اختتام پر انڈیکس اس کمی کے بعد 43ہزار32 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

صرافہ مارکیٹ میں روپے کی گراوٹ کی وجہ سے سونے کے بھاؤ بھی بڑھ گئے اور ایک تولہ سونا1200 روپے مہنگا ہونے کے بعد 1 لاکھ 47ہزار100 روپے کا ہوگیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/dollar-pkr121.jpg