
اسلامی نظریاتی کونسل نے حکومت کی جانب سے حج اسکیم میں سبسڈی کو شرعی قرار دیدیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نےرواں برس حج کرنے کے خواہشمند افراد کو حکومتی سبسڈی دیئے جانے سے متعلق اپنا موقف دیدیا ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ سوشل میڈیا پر عازمین حج کو ملنے والی حکومتی سبسڈی کے خلاف مختلف بیانات گردش کررہے ہیں تاہم یہ تمام باتیں حقائق سے منافی ہیں، سابقہ حکومت نے حج اسکیم میں سبسڈی کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل سے سوال کیا تھا جس کا جواب وزارت مذہبی امور کو ارسال کردیا گیا تھا۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے سبسڈی کے حوالے سے شرعی موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ شرعا حکومت کی طرف سے سبسڈی دینا جائز ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں ہے، اس عمل سے حجاج کے صاحب استطاعت ہونے پر کوئی سوال کھڑا نہیں ہوگا۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سبسڈی کا اعلان بلا تفریق کیا گیا ہے، کوئی سرکاری طور پر حج کرے یا پرائیویٹ حکومتی سبسڈی سب کیلئے ہے، تاہم حکومت اگر زکوۃ کی رقم سے سبسڈی دینے میں احتیاط سے کام لے تو زیادہ بہتر ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امورمفتی عبدالشکور نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے اعلان کیا تھا کہ حکومت نے ہر حاجی کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔