کراچی: گرفتار 2 سٹریٹ کریمنلز کا 400 وارداتیں کرنے کا انکشاف

karachi1h1h1211.jpg

لیاقت آباد سے گرفتار 2 سٹریٹ کریمنلز کا 400 وارداتیں کرنے کا انکشاف، لیاقت آباد میں واردات کے دوران رئیس نامی شہری کو گولی مارنے والا ملزم نور انٹرمیڈیٹ کا طالب علم بتایا جا رہا ہے: پولیس

تفصیلات کے مطابق سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے سٹریٹ کرائمز کی 400 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان نور اور شاہ میر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس معروف عثمان نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں سٹریٹ کریمنلز نے لیاقت آباد میں 19 جنوری کو ایک واردات کی تھی اور ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر رئیس نامی شہری کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔

پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد دونوں ملزمان نے خصوصی ویڈیو بیان میں انکشاف کرتے ہوئے 400 وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے اور کہا کہ لیاقت آباد میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد وہ روپوش ہو گئے تھے۔رئیس نامی شہری کو گولی مارنے والا ملزم نور انٹرمیڈیٹ کا طالب علم بتایا جا رہا ہے۔

ملزم نور نے اپنے ویڈیو بیان میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں دوستوں نے پیسے ملا کر ندی کے کنارے ایک شخص سے 7 ہزار روپے میں پستول خریدا تھا جس میں 3 گولیاں موجود تھیں جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد ہم اپنے گھروں میں جا کر روپوش ہو گئے تھے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس معروف عثمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سندھ ہوٹل کے قریب ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا جبکہ گرفتاری کے وقت دونوں ملزمان نور اور شاہ میر سے 2 پستول برآمد کیے گئے تھے اور واقعے میں استعمال کی گئی موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کر رہے ہیں۔