دورہ پاکستان،نیوزی لینڈ ٹیم میں شامل سینئر ٹیم کے 2 کھلاڑی انجری کاشکار

9kisisispakistannsdoa.png


نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی 20 سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی نیوزی لینڈ کے2 کھلاڑی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 2 کھلاڑی ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان روانہ ہونے سے پہلے ہی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

سیریز سے باہر ہونے والے کھلاڑی ایڈم ملنے اور فن ایلن نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، ان کی جگہ پر اب متبادل کھلاڑی سیریز میں شریک ہوں گے۔

نیوزی کرکٹ بورڈ کے مطابق ایڈم ملنے اور فن ایلن ٹریننگ سیشن کے دوران انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد دونوں کھلاڑی پاکستان کے خلاف کھیلی جانے والی ٹی 20 سیریز میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ ایڈم ملنے ٹخنے اور فن ایلن کمر کی انجری کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد ان کی جگہ پر آل رائونڈر زیک فولکس اور وکٹ کیپر بلے باز ٹام بلنڈل کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

نیوزی کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری سٹیڈ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیریز کے لیے روانگی سے پہلے ہمارے اہم کھلاڑیوں کا انجری کا شکار ہونا بدقسمتی ہے، دونوں کھلاڑی گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ سے ہی ہمارے لیے ٹی 20 میں بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز ٹام بلنڈل اس سے پہلے گزشتہ برس بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ آل رائونڈر زیک فولکس پہلی دفعہ سکواڈ کا حصہ بنیں گے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا ٹی 20 سکواڈ آج پاکستان کے لیے روانہ ہو کر 14 اپریل کے روز اسلام آباد پہنچے گا۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 18 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 9 اہم ترین کھلاڑی پہلے سے ہی آئی پی ایل میں شریک ہونے کے باعث سکواڈ میں شریک نہیں ہیں۔