خبریں

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر اپنا موقف دیدیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محمد زبیر نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے موقف کی حمایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پارٹی میں دونوں جانب سے رائے دی گئی، پارٹی میں اس حوالے سے مخالفت اور حمایت دونوں موقف موجود تھے۔ یادرہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے میں پارٹی پوزیشن کی مخالفت کی تھی۔ واضح رہے کہ محمد زبیر کی غیر اخلاقی اور نازیبا ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن سے متعلق کہا جارہا ہے کہ محمد زبیر نے مبینہ طور پر نوکریوں کا جھانسہ دے کر اور ڈرا دھمکا کر لڑکیوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا ہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویڈیو لیک کرنے کے پیچھے مریم نواز شریف کا ہاتھ ہے کیونکہ وہ محمد نواز کو پارٹی معاملات سے دور کرنا خاہتی تھی۔
بلوچستان کے علاقے گوادر میں شرپسندوں نے دستی بم کا حملہ کرکے قائداعظم کا مجسمہ تباہ کردیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کی میرین ڈرائیو پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا جسے آج صبح دستی بم حملے میں منہدم کردیا گیا ہے۔ لیویز کنٹرول روم نے واقعے سے متعلق جاری بیان میں کہا ہے کہ بم حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے تاہم تاحال ذمہ داروں کو تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔ لیویز کے مطابق واقعے کے حوالے سے ابھی تک کسی تنظیم نے بھی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واقعے پر بلوچستان کے سینیٹر سرفراز بگٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانی پاکستان کے مجسمے کو تباہ کرنا نظریہ پاکستان پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ ملزمان کے خلاف اسی طرح کی کارروائی کی جائے جس طرح زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کی گئی تھی۔ یادرہے کہ2013 میں بلوچستان کےعلاقے زیارت میں واقع قائداعظم ریزیڈنسی کو کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے بموں کے حملوں سے تباہ کردیا تھا، واقعے میں عمارت کا نوے فیصد حصہ جل کر راکھ ہوگیا تھا جسے بعد میں صوبائی حکومت نے دوبارہ سے بحال کیا تھا۔
گزشتہ روز کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے میں شریک طلبہ تحریک کی رکن ہانی بلوچ کی موت کے حوالے سے ان کے کزن کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ روز آن لائن میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے خلاف طلبہ کے احتجاج کے دوران ایک طالبہ کی طبیعت خراب ہوئی جو بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گئیں تھیں۔ واقعے کے حوالے سے متعدد ذرائع نے ہانی بلوچ کی موت کو احتجاجی مظاہرے پر پولیس کی شیلنگ کا نتیجہ قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ہانی بلوچ مظاہرے کے دوران پولیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئیں اور گھر جاتے ہوئے ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ تاہم جھوٹی خبریں پھیلانے والے اور ہانی بلوچ کی موت کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرنے والے تمام عناصر کی جانب سے کیے گئے منفی پراپیگنڈے پر ہانی بلوچ کے کزن اور بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سینٹرل انفارمیشن سیکرٹری اورنگزیب نے بیان جاری کردیا ہے۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہانی بلوچ میری کزن ہے اس کی طبیعت کچھ دن پہلے سے ناساز تھی، واقعے کے روز پولیس کی شیلنگ شروع ہونے سے قبل ہی ہانی گھر جاچکی تھیں، ان کی موت مکمل طور پر قدرتی تھی۔ پولیس تشدد کے باعث زخمی اور ہسپتال میں موت کے حوالے سے سوال کے جواب میں اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میں تنظیمی طور پر اس خبر کی تردید کرتا ہوں ان کی موت قدرتی تھی ہم ہر قسم کے منفی پراپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اورنگزیب کی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے کہا کہ میں اورنگزیب کی حقیقت سامنے لانے کی سچائی کو داد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور من گھڑت خبروں سے غیر یقینی، فاصلے اور نفرت پیدا ہوتی ہے۔
لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ایک نوجوان کا کیس حل ہوگیا ہے، مغوی کا پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل کا انکشاف ہوا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ رسول کالونی کے رہائشی 19 سالہ نوجوان علی رضا کے لاپتہ ہونے کے کیس کی تحقیقات کے دوران ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کو انکشاف ہوا ہے کہ علی رضا کو پولیس اہلکاروں نے قتل کردیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق 12 اگست 2020 کو کراچی سے لاپتہ ہونے والے نوجوان کے قتل میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے ایس ایس پی زبیر نذیر نے علی رضا کے کیس کے حوالےسے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے تکنیکی بنیادوں اور دیگر ثبوتوں کی بنیاد پر کیس حل کیا ہے، نوجوان کا نام سندھ ہائی کورٹ کی مسنگ پرسنز کی فہرست میں شامل تھا۔ ایس ایس پی نذیر نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے علی رضا کو اغوا کرکے حب میں ساکران لے جاکر قتل کیا ، مقتول کے موبائل فون کی جانچ کےدوران آخری فون کال کسی نوید نامی شخص کو کی گئی جس کی لوکیشن اور علی رضا کے موبائل فون بند ہونے کی لوکیشن ایک ہی تھی۔ پہلے پولیس نے نوید کو پنڈی گھیپ سے گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش دو پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر علی رضا کو قتل کرنے کااعتراف کیا، ملزم سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر دونوں پولیس اہلکاروں کانسٹبل اسد اور اورنگزیب کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزمان نے علی رضا کو اغوا اور قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، تاہم قتل کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں، تینوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو فراہم کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے درآمد کی گئی تاریخ کی مہنگی ترین چینی پاکستان پہنچ گئی ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے درآمد کی گئی مہنگی ترین چینی کی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق درآمد کی گئی 28 ہزار 760 میٹرک ٹن چینی ٹریڈنگ کارپوریشن کو پاکستان پہنچنے پر 109 روپے 90 پیسے فی کلو میں پڑی ہے، اس سے قبل درآمد کی گئی ایک لاکھ ٹن چینی کی لینڈڈ کاسٹ 89 روپے 26 پیسے تھی۔ تمام اخراجات ڈالنے کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کو حکومت کی جناب سے درآمد کی گئی یہ چینی 123 روپے فی کلو میں پڑے گی۔ یہاں قابل ذکر امر یہ ہے کہ حکومت نے مقامی ملوں میں تیار ہونے والی چینی کی ایکس مل قیمت 84 روپے 75 پیسے مقرر کررکھی ہے اور خود حکومت کی ہی درآمد کی گئی چینی اپنی مقرر کردہ قیمت سے 25روپے15 پیسے مہنگی خریدی گئی ہے۔ اسی طرح یوٹیلیٹی اسٹورز کو حکومت کی درآمد کردہ چینی33 روپے 25 پیسے فی کلو مہنگی ملے گی، حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی فروخت کیلئے85 روپے فی کلو کا ریٹ مقرر کیا ہے، مہنگی چینی خرید کر عوام کو سستے داموں فراہم کرنے کیلئے حکومت فی کلو چینی پر تقریبا 38 روپے کی سبسڈی دے گی اور اس فرق کو پورا کرے گی۔
کراچی کے علاقے کورنگی میں مہران ٹاؤن میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعہ پر تحقیقات کی گئیں تو نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ اس علاقے میں 1401 پلاٹوں پر غیر قانونی طور پر کمرشل، گھریلو اور انڈسٹریل تعمیرات کی گئی ہیں۔ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے ان تمام 1401 پلاٹوں کی لیز منسوخ کر دی ہے جب کہ ڈائریکٹر کے ڈی اے نے تمام الاٹیز کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ کے ڈی اے کی جانب سے اخبار میں اشتہار بھی شائع کرایا گیا ہے۔ اخبار میں دیئے گئے اشتہار کے مطابق مہران ٹاؤن اسکیم کے الاٹیز کو ان کے پلاٹ نمبر، الاٹ اراضی کے مجموعی مربع گز رقبے، پلاٹ کی نوعیت اور اس کے غیر قانونی استعمال کی تفصیلات پر مشتمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بذریعہ اخبار اشتہار رہائشی، کمرشل، انڈسٹریل پلاٹوں کو غلط طریقے سے استعمال کرنے والے تمام الاٹیز کو آگاہ کیا ہے کہ ان کے الاٹمنٹ لیٹر اور آرڈر منسوخ کر دیئے گئے ہیں لہٰذا اب ان کی کوئی وقعت نہیں ہے۔ تمام الاٹیز کو ذاتی طور پر ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ کے رو برو اپنی دستاویزات کے ہمراہ پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ بصورتِ دیگر قانونی کارروائی کرنے اور تمام عمارتوں کو منہدم کرنے کے کام کا آغاز کرنے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام الاٹیز کو فرداً فرداً خطوط بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں راہ چلتی خاتون سے دست درازی کا واقعہ پیش آیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی۔ متاثرہ خاتون نے تھانہ باغبانپورہ میں مقدمہ بھی درج کرا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزم کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی ہے جس نے راہ گیر خاتون سے دست درازی کی ہے۔ متاثرہ خاتون نے جب وقاص نامی اس اوباش شخص سے سختی سے بات کی اور اس بیہودگی کی وجہ پوچھی تو ملزم سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا ہوا رفو چکر ہو گیا۔ خاتون نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ وقاص نامی ملزم علاقے میں متعدد خواتین سے دست درازی کر چکا ہے۔ مدعیہ خاتون نے یہ بھی کہا کہ اس نے جواب میں ملزم وقاص کو اینٹ مارنے کی کوشش کی تاہم ملزم بچ نکلا۔ پولیس نے خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم نے خاتون کا ردعمل دیکھ کر اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے شور مچایا تو وہ اسے کہیں کا نہیں چھوڑے گا۔
کراچی والوں کے لئے خوشخبری، سی پیک کے تحت کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن منصوبہ شروع کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت بحری امور نے کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے، جس کا فیصلہ اسلام آباد اور بیجنگ میں منعقد کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں چین اور پاکستان کی جانب سے کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون کو سی پیک میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون منصوبہ بحری امور کی وزارت کا ایک بہترین اقدام ہے اور یہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے کراچی کا شمار دنیا کی اول درجے کی بندرگاہوں میں ہوگا، منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری پر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 3.5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر مبنی یہ منصوبہ 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو رہائشی آباد کاری بھی فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی سرکلر ریلوے کے لئے 20.7 ارب روپے کی لاگت کے لیول کراسنگ انفراسٹرکچر منصوبے کی منظوری دی تھی۔
وفاقی دارلحکومت میں لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کرنے اور ان پر تشدد کے کیس میں نیا انکشاف ہوا ہے، پولیس اب تک نامزد تین ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ای الیون فلیٹ میں لڑکا لڑکی کو برہنہ کرکے تشدد کرنے اور ان کی ویڈیو بنا کر وائرل کرنے کے کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عثمان مرزا، محب بنگش، ادریس قیوم بٹ، فرحان شاہین، عطا الرحمن کے علاوہ تین ملزمان عمر، بلال مروت اور ریحان ضمانت پر ہیں جن کی گرفتاری میں پولیس ناکام ہو ہی ہے۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے چالان کے مندرجات میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی ملزم عثمان مرزا اور اس کے ساتھیوں نے مل کر متاثرہ لڑکا لڑکی نازیبا ویڈیو بنائی، دونوں کے کپڑے اتروائے، ان پر تشدد کیا، لڑکی کے نازک حصوں کوچھیڑتے رہے، حبس بے جا میں رکھا جبکہ متاثرہ لڑکے اور لڑکی کو دھمکیاں دے کر آپس میں بدکاری کرنے پرمجبور کیا۔ چالان میں مزید بتایا گیا کہ ملزمان نے دونوں سے برہنہ حالت میں ڈانس کروایا، ملزمان نے ویڈیو بنا کر بلیک میل کر کے بھتہ کی رقم بھی وصول کی۔ ملزم کی جانب سے نشاندہی کئے جانے پر ویڈیو بنانے والا موبائل اور واقعہ میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ متاثرین اسد رضا اورسندس طاہرنے مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164 کے بیانات ریکارڈ کرائے جن کو چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کے بیان کے مطابق ملزم عثمان اور اس کے ساتھیوں نے دھمکی دی کہ لڑکے کے ساتھ بدکاری کرو ورنہ ہم سب مل کر ایسا کریں گے، لڑکے پر تشدد کر کے اس کی پینٹ اتروائی اور مجھے اس کے ساتھ زنا پرمجبور کیا، برہنہ حالت میں ڈانس کروایا اور دوستوں کے سامنے گھماتا رہا، عثمان اور اس کے دوست ہمارا مذاق اڑاتے اور ویڈیو بناتے رہے، جسم کے نازک حصوں کو چھوتے رہے۔ ملزم عمر نے انکشاف کیا کہ عثمان مرزا کے کہنے پرمتاثرہ لڑکے اورلڑکی سے 11 لاکھ 25 ہزارروپے لیے، چھ لاکھ روپے عثمان کودیے اورباقی رقم دیگر ساتھیوں میں تقسیم کی گئی۔ پولیس نے چالان میں لکھا ہے کہ مرکزی ملزم عثمان مرزا نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا کہ اٹھارہ انیس نومبر2020 کی درمیانی رات میں ویڈیو بنائی جس موبائل سے ویڈیو بنائی اورجس پستول سے ملزم دھمکیاں لگاتا رہا دونوں کو ملزم کی نشان دہی پر پولیس نے برآمدکرلیا ہے۔ ملزم پستول کا لائسنس پیش نہیں کرسکا جس پرالگ سے ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔ واضح رہے کہ متاثرہ لڑکا اور لڑکی گھر میں موجود تھے کہ اسی دوران مرکزی ملزم اپنے دوستوں سمیت وہاں پہنچ گیا۔ ملزم عثمان مرزا نے دونوں کو اسلحے کے زور پر حبس بے جا میں رکھا جب کہ لڑکی کی غیر اخلاقی ویڈیو بھی بنائی۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مرکزی ملزم عثمان پیسوں کے لیے لڑکے اور لڑکی کو بلیک میل کر رہا تھا۔ ملزم دونوں کو بلیک میل کر کے کئی لاکھ روپے بٹور چکا تھا۔ ملزمان نے لڑکی کو برہنہ کر کے اڑھائی گھنٹے کی ویڈیو بنائی اور زیادتی کرانے کی کوشش کی گئی۔ 375 اے سمیت دیگر نئی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔ یہ ویڈیو 6 جولائی کو وائرل ہوئی جبکہ ویڈیو گزشتہ سال بنائی گئی تھی۔
کویت میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لئے خوشخبری آگئی، کویتی حکومت نے ورک پرمٹ کے مخصوص طریقہ کار اور ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق کویتی حکومت کے محکمہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کی جانب سے ورک پرمٹ جاری کے نئے طریقہ کار کا اعلان کر دیا گیا ہے، اعلان کے مطابق تجارتی دوروں کے لیے انٹری ویزا کے ساتھ بھرتی کرنے والوں کو ورک پرمٹ جاری کرنے کے لئے نیا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے، اس حوالے سے محکمہ نے انتظامی سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔ انتظامی سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ مملکت نے یہ طریقہ کار کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے اختیار کیا ہے، نئے طریق کار کے مطابق کوئی بھی فرد کاروباری دوروں کے مالکان کے لیے انٹری لیول ویزا کی تفصیلات کو جب الیکٹرانک فارم پورٹل پر ورک پرمٹ کے طور پر رجسٹر کروائے گا اس وقت کمرشل وزٹ ویزا کی ایک کاپی اور مالکان کے مجرمانہ ریکارڈ شیٹ کی ایک کاپی اس فارم کے ساتھ منسلک کرنا لازمی ہوگی۔ جاری شدہ سرکلر میں مزید بتایا گیا ہے کہ کویت میں لیبر ڈیپارٹمنٹس میں لین دین کا طریقہ کار ورک پرمٹ کی منظوری کے بعد مکمل کیا جاتا ہے جس کے بعد ویزا کی تمام تفصیلات واپس لے لی جاتی ہیں، اس کے بعد آجر ایک پورٹل کے ذریعے پہلی بار ورک پرمٹ جاری کرنے کے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ورک پرمٹ کے لئے درخواست دیتا ہے جو کہ اتھارٹی کے لاگو فیصلوں کے مطابق منظوری کے بعد جاری کیا جاتا ہے۔
پولیس اہلکار اجرتی قاتل نکلا، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) فورس نے سندھ پولیس کے سابق سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو سپاری لے کر سرکاری مخبر کو قتل کرنے پر گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سی ٹی ڈی نے آج کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او ہارون کورائی سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان میں ایس ایچ او ہارون کورائی اور اس کا گن مین، وحید کاکڑ اور فوزیہ نامی ایک خاتون شامل ہیں، ہارون کورائی نے مافیا سے سپاری لے کر فضل نامی شہری کو قتل کیا تھا۔ سی ٹی ڈی کے سربراہ راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ فضل محکمہ کسٹم کیلئے مخبری کرتا تھا، اسی کی مخبری پر مئی میں کسٹم انٹیلی جنس نے سات کروڑ روپے کی چھالیہ ضبط کی تھی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان نے شہری کو اغوا کے بعد بن قاسم کے علاقے میں قتل کیا اور واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا نام دینے کی کوشش کی۔
لاہور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جعلی ویکسی نیشن کی انٹری کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گجر پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جعلی ویکسینیشن کے اندارج میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ملزمان کی شناخت عادل اورابو الحسن کے نام سے ہوئی ہے، دونوں نامزد ملزمان کوٹ خواجہ سعیداسپتال کےملازم ہیں۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان نے نواز شریف کی کورونا ویکسین ڈیٹا کی جعلی انٹری کی، ملزمان کےخلاف ایف آئی اے سائبرکرائم میں بھی مقدمہ درج ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کورونا ویکسین کی جعلی انٹری اس وقت سامنے آئی جب نواز شریف کے نام پر دوسری ڈوز کا میسیج جاری ہوا، جعلی انٹری کرنے والے دونوں ملازمین نےغلطی کااعتراف کیا تھا ، جس پر محکمہ صحت پنجاب نے دونوں کو معطل کردیا تھا۔
قومی احتساب بیوور(نیب) نے آن لائن سرمایہ کاری کمپنی بی فار یو کے مالک کی گرفتاری کی وجوہات جاری کردی ہیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے 11 صفحات پر مشتمل ایک دستاویز جاری کی گئی ہے جس میں سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے والی کمپنی کے مالک کی گرفتاری کی وجوہات پیش کی ہیں۔ نیب کے مطابق کمپنی کے مالک سیف الرحمان نیازی کو تحقیقات کے دوران تعاون نہ کرنے ، شواہد مٹانے کے خدشے کے پیش نظر گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انکوائری مکمل کرنے کیلئے گرفتاری ضروری تھی، اگر انہیں گرفتار نہ کیا جاتا ان کے چھپ جانے کا خدشہ تھا، ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ اس نے فراڈ اور بددیانتی سے عوام کو جھانسہ دیا اور کاروبار کے نام پر ان سے 11 ارب روپے لوٹے۔ نیب نے کہا کہ سیف الرحمان ابھی بھی اپنا فراڈ کا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں، اور انہوں نے ایس ای سی پی کے قوانین کی خلاف ورزی بھی کی ہے ، ملزم کے خلاف گواہان کے بیانات اور ثبوتوں کی بنیاد پر گرفتاری لازمی تھی۔
کراچی والوں کے لئے خوشخبری، سی پیک کے تحت کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن منصوبہ شروع کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت بحری امور نے کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے، جس کا فیصلہ اسلام آباد اور بیجنگ میں منعقد کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں چین اور پاکستان کی جانب سے کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون کو سی پیک میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون منصوبہ بحری امور کی وزارت کا ایک بہترین اقدام ہے اور یہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے کراچی کا شمار دنیا کی اول درجے کی بندرگاہوں میں ہوگا، منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری پر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 3.5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر مبنی یہ منصوبہ 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو رہائشی آباد کاری بھی فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی سرکلر ریلوے کے لئے 20.7 ارب روپے کی لاگت کے لیول کراسنگ انفراسٹرکچر منصوبے کی منظوری دی تھی۔
پاکستان کو اگرجی ایس پلس سے مستفید ہونا ہےتو پھر انسانی حقوق کا پابند ہونا ہوگا، یورپی کمیشن نے واضح کردیا،ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان 2014 سے موجودہ جی ایس پی پلس اسکیم سے سب سے زیادہ مستفید ہورہاہے،موجودہ ریگولیشن کے تحت کئی سو مصنوعات پر صفر فیصد ڈیوٹی ہے جو 31 دسمبر 2023 کو ختم ہو جائے گی۔ اسلام آباد میں یورپی کمیشن نے جی ایس پی پر نئی قانون سازی کی تفصیلات جاری کردیں، یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا نے بتایا کہ2014 میں جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد سے یورپی مارکیٹ تک ترجیحی رسائی سے پاکستان کی معیشت کو بہت فائدہ ہوا،پاکستان کی برآمدات میں 60 فیصد اضافے سے یورپی یونین پاکستانی سامان کے لیے سب سے اہم مقام بن گیا۔ اندرولا کمینارا نے مزید کہا کہ 2023 سے آگے جی ایس پی اپلس کے تحت تجارتی ترجیحات کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو اپنے بین الاقوامی کنونشنز کو حقیقی طور پر بدلنے کی کوششیں مزید بڑھانا ہونگی،کسی دوسرے ممکنہ فائدہ اٹھانے والے ملک کی طرح یورپی یونین کے اراکین پارلیمنٹ اور رکن ریاستی حکومتوں کو قائل کرنے کے لیے ٹھوس پیش رفت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ 2023 میں ختم ہونے والی جی ایس پی پلس کے تحت یورپی کمیشن 27 بین الاقوامی کنونشنز کے نفاذ میں پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مسلسل پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے،کم آمدنی والے ممالک میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے مصنوعات کی درآمد پر ڈیوٹی ہٹانے یا کم کرنے کے لیے نئی یورپی یونین جنرلائزڈ اسکیم آف ترجیحات پیش کرنے کے لیے 10 سال (34-2024) پر مبنی قانون سازی کی تجویز منظور کرلی گئی ہے،ان تجویز پر عملدرآمد ہونے کی صورت میں نیا جی ایس پی ریگولیشن یکم جنوری 2024 سے نافذ ہوگا۔
سابق آل راؤنڈر عبدلرزاق کی جانب سے ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار سے متعلق نامناسب تبصرے کو اپنے پروگرام میں نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل پر پیمرا نے جرمانہ عائد کردیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل "نیو نیوز" کو اپنے پروگرام میں سابق قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عبدالرزاق کی جانب سے خاتون کرکٹر کیلئے نامناسب، بے حس، بے حرمتی اور توہین آمیز تبصرے کو نشر کرنے پر 2 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 6 جون کو نشر کیے گئے اس پروگرام میں عبدالرزاق نے پروگرام میں شریک مہمان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار کے بارے میں نامناسب تبصرہ کیا ، پروگرام کے اس کلپ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان کے مشہور ٹینس اسٹار اعصام الحق نے اپنی وکیل بیرسٹر خدیجہ صدیقی کے ذریعے پیمرا میں شکایت درج کروائی اور چینل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پروگرام کی شریک میزبان نے بھی خاتون کرکٹر زکیلئے کرکٹ کو بطور شعبہ اپنانے پر توہین آمیز رویہ اپنایا اور سوال کیا کہ پاکستان میں زیادہ تر خواتین کھلاڑی شادی ہوجانے کے بعد کیریئر کو خیر آباد کہہ دیتی ہیں۔ پیمرا آرڈر میں کہا گیا ہے کہ خواتین کے شادی کے بعد کرکٹ چھوڑنے کا تبصرہ عمومی ہے جو بری طرح سے معاشرے میں صنفی تفریق کو فروغ دیتا ہے۔ واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں خواتین کرکٹرز کی شادی کے حوالے سے گفتگو کے دوران آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا تھا کہ ان کی شادی نہیں ہوتی، ان کی فیلڈ ایسی ہے، جب یہ کرکٹرز بن جاتی ہیں تو پھر چاہتی ہیں کہ مردوں کی ٹیم کے لیول تک آجائیں، وہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ صرف مرد نہیں یہ بھی سب کچھ کرسکتی ہیں، اس لیے ان میں شادی کے وہ احساسات ختم ہوجاتے ہیں۔ سابق آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ آپ ان سے ہاتھ ملا کر دیکھ لیں، یہ لڑکی تو نہیں لگتیں۔ ندا ڈار نے کہا کہ ہمارا پروفیشن ایسا ہے کہ ہمیں جِم کرنا پڑتا ہے، ہمیں بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ ہر چیز کرنا ہوتی ہے ہمیں فِٹ رہنا ہوتا ہے، ان کی بات کاٹتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ آپ ان کا ہیئر کٹ ہی دیکھ لیں۔ عبدالرزاق کی اس بات پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں احساس دلایا کہ انہیں پروگرام کے دوران ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس قدر سخت ردعمل کے بعد سابق آل راؤنڈر کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے اور انہوں نے اپنے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی باتوں کو غلط انداز میں لیا گیا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی سرکلر ریلوے کے لئے 20.7 ارب روپے کی لاگت کا لیول کراسنگ انفراسٹرکچر منصوبے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنک) کے اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے کی لیول کراسنگ انفراسڑکچر منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔ منصوبے کے تحت کے سی آر روٹ کے 22 لیول کراسنگ ختم کردیئے جائیں گے، منصوبے سے کراچی میں بلا تعطل اور رکاوٹ ٹرین چلائی جاسکے گی۔ وفاقی وزیراسدعمر نے ٹویٹ کیا کہ سرکلر ریلوے منصوبے پر 20 ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ سرکلر ریلوے منصوبے کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان آئندہ ہفتے کریں گے۔ نیو کراچی سرکلر ریلوے بجلی سے چلنے والی تیز ٹرین ہوگی، یہ منصوبہ 170 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا، نیو کراچی سرکلر ریلوے کے لیے بغیر پھاٹک نیا ٹریک بچھایا جائے گا اور ہر 6 منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی، اس منصوبے سے یومیہ 3 سے 5 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے۔
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے نورمقدم قتل کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کیلئے جیل میں تحائف سے بھرا ایک پارسل بھجوایا گیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانے کی جانب سے ظاہر جعفر کیلئے کپڑوں، کتابوں ، پرفیومز اور شیمپو سے بھرا ایک پارسل اڈیالہ جیل بھجوایا گیا ہے، تاہم جیل انتطامیہ نے پارسل وصول کرنےسےا نکار کردیا ہے۔ اڈیالہ جیل کے سپرٹنڈنٹ ارشد وڑائچ نے امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھجوائے گئے پارسل کی تصدیق کرتے ہوئے خبررساں ادارے سے گفتگو کے دوران کہا کہ امریکی سفارت خانے نے ملزم ظاہر جعفر کیلئے پارسل بھجوایا ہے تاہم جیل انتظامیہ نے پارسل واپس بھجوادیا ہے۔ ارشد وڑائچ نے مزید کہا کہ پارسل سفارت خانے کوواپس بھجواتے ہوئے جیل انتظامیہ نے اس کے ساتھ ایک خط بھی ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر مستقبل میں سفارت خانہ قتل کے مقدمے کے ملزم اپنے شہری کو کوئی پارسل بھجوانا چاہتا ہے تو اس کیلئے وزرات داخلہ کا راستہ اپنائے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں خاتون نورمقدم کو تشدد کے بعد قتل کرنے کے جرم میں کاروباری شخصیت اور امریکی شہریت یافتہ ظاہر جعفر زیر حراست ہے ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو اپنا اعترافی بیان بھی ریکارڈ کروادیا ہے، معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا آئی ایس آئی سیکرٹریٹ کا دورہ،آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان نے استقبال کیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان اہم دورے پر آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔ وفاقی وزراء، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم اور ان کے وفد کو علاقائی امور، افغانستان کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں آئی ایس آئی کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان کا آج رات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب شیڈولڈ ہے، وہ آج رات تقریباً ڈیڑھ بجے اجلاس سے آن لائن خطاب کریں گے۔
گیلپ پاکستان کی جانب سے کیے گئے تازہ ترین سروے کے مطابق ملک میں 95 فیصد لوگوں نے پنجاب حکومت کے بچوں کو نصاب میں قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دیئے جانے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ اینڈ گیلانی فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک کے چاروں صوبوں میں ایک سروے کیا گیا جس میں عوام سے قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دیئے جانے سے متعلق سوال کیا گیا۔ سروے کے دوران عوام سے پوچھا گیا کہ" حال ہی میں پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے اسکولوں میں قرآن پاک کی تعلیم کو بطور لازمی مضمون پہلی تا بارہویں جماعت تک لازمی قرار دے دیا ہے، آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے۔ گیلپ اینڈ گیلانی فاؤنڈیشن کی جانب سے پوچھے گئے اس سوال کے جواب میں 95 فیصد عوام نے پنجاب حکومت کے فیصلے کی حمایت کی جبکہ صرف ایک فیصد نے اس فیصلے کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ سروے میں شریک 4 فیصد لوگوں نے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا یا انہیں اس سوال کا کوئی جواب معلوم نہیں تھا۔ سروے میں شہری او ر دیہاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی رائے کو بھی شامل کیا گیا، جس کے مطابق دیہی علاقوں کے 96 فیصد عوام اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں جبکہ شہری علاقوں کے 95 فیصد لوگوں نے فیصلے کی حمایت کی، فیصلے کی مخالفت میں صرف ایک فیصد لوگوں نے ووٹ دیا۔اس سروے میں پاکستان بھر سے 1418 مردوخواتین نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔