نجی شعبے کی جانب سے بینکوں سے قرض حاصل کرنے میں ریکارڈ کمی

ghahi11h1.jpg


رواں مالی سال نجی شعبے کی جانب سے بینکوں سےقرض حاصل کرنے میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سےجاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران بینکوں سے نجی شعبے کو قرض کی فراہمی میں کمی دیکھی گئی ہے، اس عرصے میں نجی شعبے نے بینکوں سے صرف ساڑھے 40 ارب روپے کا قرض حاصل کیا۔

گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں نجی شعبے نے بینکوں سے 225 ارب روپے سے زائد کا قرض حاصل کیا تھا جس پر گزشتہ سال بینکوں نے قرض پر ریکارڈ منافع حاصل کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال یاآئندہ مالی سال نجی شعبے کو ہدف سے کم قرض دینے والے بینکوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے، اپنے ڈپازٹس سے 50 فیصد کم قرض دینے والے نجی بینکوں پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بینکوں پر 10 سے 16 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال نجی شعبے کو قرض کی فراہمی میں ریکارڈ کمی سے اقتصادی اہداف حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے، رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران معاشی شرح نمو میں بھی کمی واقع ہوگئی ہے ، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں شرح نمو ڈھائی فیصد تھی جو اب 1 فیصد پر آگئی ہے۔