لاہور کی اسپیشل سنٹرل کورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ جج اعجاز اعوان نے 31صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، تحریری فیصلے نے ایف آئی اے کی ناقص پراسکیوشن اور تفتیش کا پول کھول دیا۔
تحریری فیصلے کے مطابق ایف آئی اے نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے بے نامی اکاؤنٹس کو ثابت کرنے کےلیے 66 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے۔ کسی گواہ نے حمزہ شہباز اور شہباز شریف اور سلمان شہباز کا نام نہیں لیا اور نہ ہی کسی بینکر نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف بیان دیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کوئی ثبوت نہیں دے سکا کہ یہ تمام بے نامی اکاؤنٹ شہبازشریف اور حمزہ شہباز آپریٹ کرتے تھے۔ کسی بھی بے نامی اکاؤنٹس سے شہبازشریف اور حمزہ کے اکاؤنٹ میں ایک دھیلا بھی ٹرانسفر نہیں کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق اس بات کا کوئی ریکارڈ نہیں جس سے ظاہر ہو کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے اکاؤنٹس میں براہ راست کوئی ٹرانزیکشنز ہوئی ہو۔ عدالت کو پیش کیا گیا ریکارڈ مکمل خاموش ہے کہ درخواست گزار نے کوئی فائدہ حاصل کیا ہو۔
شہباز شریف کبھی بھی رمضان شوگر ملز کے ڈائریکٹر اور شئیرہولڈر نہیں رہے۔ پراسکیوشن اس حوالے سے کوئی بھی ریکارڈ فراہم نہیں کر سکی۔ موجودہ تفتیشی افسر نے گواہ اسلم زیب بٹ کے بیان پر اعتماد ہی نہیں کیا۔ جب پراسکیوشن خود ہی گواہ پر اعتماد نہیں کرتی تو قانون کی نظر میں اس گواہ کی کوئی حیثیت نہیں۔
تفتیش کے دوران اسلم زیب بٹ نے بیان دیا کہ اس نے سلیمان شہباز کے کہنے پر پارٹی آفس میں 2 لاکھ 50 ہزار جمع کرائے بعد ازاں سلیمان شہباز کے کہنے پر مزید 10 لاکھ جمع کرائے۔ جبکہ تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ گواہ نے حمزہ شہباز یا شہباز شریف کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔
الزام تھا کہ ملزم مسرور انور نے شہباز شریف کے کیش بوائے گلزار احمد کے اکاؤنٹس میں 4 بار ٹرانزیکشنز کیں۔ تفتیشی افسر اور پراسکیوشن کو اس حوالے سے شواہد پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ تفتیشی افسر اور پراسکیوشن ایسا کوئی شواہد پیش نہیں کر سکے جس سے الزمات ثابت ہوں۔
اس کے بعد گواہ محمد توقیر نے بیان دیا کہ اسکا اکاؤنٹ سی ایف او شریف کمپنی محمد عثمان نے کہنے پر کھولا گیا۔ تفتیشی افسر اس جوائنٹ اکاؤنٹ کی تفصیلات عدالت میں فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ چالان میں لکھا گیا کہ ملک مقصود کا اکاؤنٹ رمضان شوگر ملز کے جنرل منیجر عشرت جمیل آپریٹ کرتے تھے۔
پراسکیوشن نے اس حوالے سے کوئی دستاویزی یا زبانی شواہد فراہم نہیں کیا۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ مختلف سیاستدانوں، کنٹریکٹر سمیت دیگر نے بے نامی اکاؤنٹس میں چیک اور رقم جمع کرائی جبکہ پارٹی ٹکٹ کےلیے ایک سیاستدان نے 14ملین جمع کروائے۔ پراسکیوشن نے ناں ہی اس سیاستدان کا نام بتایا اور ناں ہی ان کنٹریکٹر کے نام بتائے۔
کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی اور نہ ہی ان کو سزا ملنے کا امکان ہے۔ ایف آئی اے نے مقدمے میں 25ارب کا الزام لگایا تاہم چالان 16ارب کرپشن کا جمع کرایا۔ ایف آئی اے نے بے نامی اکاونٹس کھلوانے کے دستاویزی شواہد کو چالان کا حصہ بنایا۔
فیصلے کے مطابق حمزہ شہباز نے تسلیم کیا کہ وہ رمضان شوگر ملز کے شئیر ہولڈر اور ڈائیریکٹر رہے۔ کیا اس یہ ثابت ہوتا ہے کہ حمزہ شہباز نے کوئی بے نامی اکاؤنٹ بنوائے یا آپریٹ کیے؟ محض تفتیشی کی ذاتی رائے اور تجزیے کی بنیاد پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ حمزہ شہباز بے نامی اکاؤنٹس آپریٹ کرتے رہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/money11121.jpg
Advertisement





